پی ٹی آئی چاغی دو نومبر کے اسلام آباد دھرنے میں بھرپور شرکت کریگی٬میر امان اللہ نوتیزئی

بدھ 26 اکتوبر 2016 16:11

؂چاغی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2016ء)پی ٹی آئی چاغی دو نومبر کے اسلام آباد دھرنے میں بھرپور شرکت کرے گی۔ اس بات کا فیصلہ پی ٹی آئی چاغی کے ضلعی صدر میر امان اللہ نوتیزئی کی قیادت میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا جس میں صوبائی رہنماء آغارحیم شاہ٬ سینئر نائب صدر غلام قادر سنجرانی٬ جنرل سیکرٹری اسماعیل محمد حسنی٬ جوائنٹ سیکرٹری ذاکر بلوچ٬ انفارمیشن سیکرٹری داد کریم بلوچ٬ ضلعی ترجمان شیر زمان حسنی و دیگر عہدیداروںاور کارکنان نے شرکت کی۔

اجلاس میں دو نومبر کے اسلام آباد لاک ڈائون کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ کرپٹ حکمرانوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیئے پارٹی چیئرمین عمران خان کی قیادت میں تاریخی احتجاج نئے پاکستان کی تشکیل میں سنگ میل ثابت ہوگی جس کے لیئے پی ٹی آئی کے کارکن اور رہنماء کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پی ٹی آئی کے صوبائی صدر سردار یار محمد رند کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار بھی کیاگیا۔

دریں اثناء پی ٹی آئی چاغی کے ایک بیان میں سانحہ پولیس ٹریننگ کالج کوئٹہ کی شدید مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ جب بھی کرپٹ حکمرانوں کے احتساب کا وقت قریب آتا ہے تو ملک میں گڑبڑ شروع کی جاتی ہے لیکن نہ شہید پولیس کیڈٹس و فوجی جوانوں اور وکلاء و عام شہریوں کی قربانیاں رائیگاں جائیں گی اور نہ ہی کرپٹ حکمرانوں کو یہ اجازت دی جائے گی کہ وہ اپنا مسند بچانے کے لیئے پاکستانیوں کے جانوں سے کھیلیں۔