جیکب آباد کے قریب قیصر شاخ کینال کو 80فٹ کا شگاف٬ درجنوں دیہات اور سیکڑوں ایکڑ زرعی زمین زیر آب آگئی

بدھ 26 اکتوبر 2016 16:05

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2016ء) جیکب آباد کے قریب قیصر شاخ کینال کو 80فٹ کا شگاف٬ درجنوں دیہات اور سیکڑوں ایکڑ زرعی زمین زیر آب آگئی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے قریب قصبہ حاجی مراد بروہی کے نزدیک قیصر شاخ کو 80فٹ شگاف پڑنے کے باعث درجنوں دیہات اور 12سو ایکڑ زرعی زمین زیر آب آگئی ٬ زیر آب آنے والے دیہاتوں میں قصبہ حاجی مراد بروہی٬ حضور بخش بھٹی٬ لطیف جکھرانی٬ فیروز بھٹی٬ دودا خان ٹالانی اور دیگر شامل ہیں٬ شگاف کے باعث متاثر ہونے والے افراد کھلے آسمان تلے بیٹھے ہوئے ہیں جبکہ گاؤں والوں نے اپنی مدد آپ کے تحت شگاف کو پر کیا ہے٬ شگاف سے متاثر ہونے والے ثناء اللہ رخشانی٬ سجن بھٹی٬ فیروز بھٹی ٬لطیف جکھرانی اور دیگر نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ شگاف پڑنے کے بعد ہم نے فوری طور پر محکمہ انہار کو اطلاع دی مگر ان کا کوئی عملدار نہیں پہنچا جس کے باعث ہمارا بڑا نقصان ہوا٬ گاؤں والوں نے اپنی مدد آپ کے تحت 12گھنٹوں کی مسلسل جدوجہد کے بعد شگاف کو پر کیا ہے٬ انہوں نے مطالبہ کیا کہ متاثرین کو مالی مدد کی جائے اور محکمہ انہار کے کرپٹ افسران کے خلاف کاروائی کی جائے۔