اورنج ٹرین منصوبے پر کام تیزی سے جاری ٬ڈیرہ گجراں سے چوبرجی تک پہلا پیکیج اگلے سال دسمبر میں مکمل ہوجائیگا

پہلے پیکیج کیلئے یوٹب گرڈر٬ ٹریک اوردیگر تعمیراتی سامان ڈیرہ گجراں پر ہی خصوصی طور پر تیار کیا جا رہاہے‘ پروجیکٹ ڈائریکٹر حماد الاحسن

بدھ 26 اکتوبر 2016 16:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2016ء) لاہور میں اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے پر کام تیزی کے ساتھ جاری ہے ٬ڈیرہ گجراں سے چوبرجی تک پہلا پیکیج اگلے سال دسمبر میں مکمل ہوجائے گا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور شہر میں سفری سہولیات کو مزید آرام دہ بنانے کے لیے اورنج لائن ٹرین منصوبہ2015 ء میں شروع کیا گیا جسے تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے ٬منصوبے کے پیکیج ون کی لمبائی13 اعشاریہ 6کلومیٹر ہے جو 13 اسٹیشنز پرمشتمل ہے۔

(جاری ہے)

12 اسٹیشنز پر کام ہورہا ہے جبکہ عدالتی فیصلے کے باعث ایک پر کام رکا ہوا ہے۔منصوبے کے پروجیکٹ ڈائریکٹر حماد الاحسن نے بتایا کہ تیرہ میں سے دو اسٹیشنز زیرزمین ہوں گے جس کی لمبائی 1 اعشاریہ 71 کلومیٹر ہے٬پہلے پیکیج کے لیے یوٹب گرڈر٬ ٹریک اوردیگر تعمیراتی سامان ڈیرہ گجراں پر ہی خصوصی طور پر تیار کیا جا رہاہے۔تعمیراتی کاموں کے ساتھ واسا انتظامیہ بھی تمام اسٹیشنز پر بارش کے پانی کے نکاس کے انتظامات میں لگی ہوئی ہے ٬اورنج لائن انتظامیہ کے مطابق منصوبہ دسمبر2017 ء تک مکمل ہو جائے گا۔