Live Updates

تحریک انصاف نے پانامہ لیکس کی بنیاد پر وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیت کو ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا

سپیکر قومی اسمبلی کا نااہلی کا ریفرنس مسترد کرنے کا حکم کالعدم ٬الیکشن کمیشن کو نواز شریف کی نااہلی کا حکم دیا جائے‘ا ستدعا

بدھ 26 اکتوبر 2016 16:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2016ء) تحریک انصاف نے پانامہ لیکس کی بنیاد پر وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیت کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔لاہور ہائیکورٹ میں یہ آئینی درخواست تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے دائر کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے خاندان کی کرپشن کا پانامہ لیکس میں انکشاف ہوا٬ پانامہ لیکس کے تمام ثبوت لگا کر سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو وزیر اعظم کی نااہلی کا ریفرنس دائرکیا گیا لیکن سپیکر نے یہ ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجوانیکی بجائے مسترد کر دیا۔

(جاری ہے)

درخواست میں کہا گیا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی کو ریفرنس مسترد کرنے کا اختیار نہیں٬ وزیر اعظم آئین کے آرٹیکل 62 اور63 کی خلاف ورزی کے مرتکب ہو چکے ہیں اور اب صادق اور امین نہیں رہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی کا وزیر اعظم کی نااہلی کا ریفرنس مسترد کرنے کا حکم کالعدم کیا جائے اور الیکشن کمیشن کو نواز شریف کی نااہلی کا حکم دیا جائے۔یاد رہے کہ اسی معاملے پر سابق چیف جسٹس پاکستان افتخار محمد چوہدری کی سیاسی جماعت جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک بھی درخواست دائر کر چکی ہے جس میں ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن سے جواب طلب کر رکھا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات