انتخابی ضابطہ اخلاق کو حتمی شکل دینے کے لئے ایک اور اجلاس منعقد کیا جائے گا٬ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

بدھ 26 اکتوبر 2016 16:03

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2016ء) وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کو حتمی شکل دینے کے لئے ایک اور اجلاس منعقد کیا جائے گا٬الیکشن کمیشن کی جانب سے بنائے گئے انتخابی ضابطہ اخلاق میں جلسے‘ جلوس اور ریلیوں پر پابندی پر سیاسی جماعتوں نے اپنے اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

ووٹروں کو ٹرانسپورٹ مہیاء نہ کرنے کی شق پر تمام سیاسی جماعتیں متفق ہیں۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز الیکشن کمیشن میں انتخابی ضابطہ اخلاق کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق پر مختلف جماعتوں کی جانب سے اپنی اپنی آراء دی جا رہی ہیں۔ سیاسی جماعتوں نے انتخابی مہم کے دوران امیدواروں کی جانب سے اخراجات کی حد بڑھانے کی تجویز دی ہے۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کو حتمی شکل دینے کے لئے ایک اور اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضابطہ اخلاق پر حتمی رائے کے لئے اپنی قیادت سے بات کریں گے۔ جلسے‘ جلوس اور ریلیوں پر پابندی کی شق پر سیاسی جماعتوں کے تحفظات ہیں۔