طاہر القادری پی ٹی‌آئی کے اسلام آباد دھرنے میں شریک ہوں گے ۔ منظور وسان کی پیشن گوئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 26 اکتوبر 2016 14:29

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26 اکتوبر 2016ء) : ملکی سیاسی صورتحال پر پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان اکثر و بیشتر ہی پیشن گوئیاں کرتے رہتے ہیں۔ پی ٹی آئی کے دھرنے سے متعلق پیشن گوئی کرتے ہوئے منظور وسان کا کہنا تھا کہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری پی ٹی آئی کے اسلام آباد دھرنے میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ طاہر القادری دھرنے میں شرکت کر کے اپنی جماعت کی قیادت کریں گے۔

طاہر القادری کا اسلام آباد دھرنے میں شریک ہونا کسی بڑے اشارے کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ طاہر القادری کا اسلام آباد دھرنے میں شرکت کرنے کا مقصد بڑی گڑ بڑ ہے۔ موجودہ سیاسی صورتحال سے متعلق منظور وسان نے مزید کہا کہ اکتوبر اور نومبر میں حکومتیں گرتی ہیں البتہ اس مرتبہ جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔

(جاری ہے)

نومبر میں سیاسی اور غیر سیاسی عہدوں پر اہم تبدیلیاں ہوں گی۔

منظور وسان نے بتایا کہ عمران خان کے ہاتھ میں وزیر اعظم بننے کی لکیر نہیں ہے۔ ملک میں آئندہ عام انتخابات 2018ء میں ہی ہوں گے۔ انتخابات میں ن لیگ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کو مینڈیٹ ملے گا۔ ایم کیو ایم سے متعلق انہوں نے کہا کہ مستقبل صرف ایم کیو ایم پاکستان کا ہے۔ ایم کیو ایم لندن کتنی بھی زور آزمائی کر لے ان کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔