سانحہ کوئٹہ ٬ملک میں فضاء بدستور سوگوار ٬پاکستان بار کی اپیل پر ملک بھر میں ہڑتال کی گئی ٬مذمتی اجلاسوں کا انعقاد

بلوچستان میں تین روز سوگ کی مناسبت سے قومی پرچم سر نگوں رہا ٬ کوئٹہ میں شٹر ڈائون ٬سرکاری ٬نجی تعلیمی ادارے بند رہے وکلاء نے مذمتی اجلاسوں کے بعد احتجاجی ریلیاں بھی نکالیں ٬ دہشتگردی کیخلاف نعرے بازی کی گئی

بدھ 26 اکتوبر 2016 14:13

اسلام آباد/لاہور/کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2016ء) سانحہ کوئٹہ کے تیسرے روز بھی ملک میں فضاء سوگوار رہی ٬پاکستان بار کونسل کی اپیل پر ملک بھر میں وکلاء نے ہڑتال کی اور اجلاس منعقد کر کے واقعہ کی مذمت کی گئی٬بلوچستان میں تین روز سوگ کی مناسبت سے قومی پرچم سر نگوں رہا ٬ کوئٹہ میں تاجروں نے مکمل ہڑتال کی جبکہ سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بھی مکمل بند رہے ۔

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ کالج میں پیش آنے والے دہشتگردی کے بد ترین واقعہ کے تیسرے روز بھی ملک بھر میں فضاء سو گوار رہی اور سانحہ کوئٹہ موضوع بحث رہا ۔پاکستان بار کونسل کی اپیل پر ملک بھر میں وکلاء نے ہڑتال کی اور عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا گیا۔ سانحہ کے خلاف بارز پر سیاہ پرچم لہرائے گئے جبکہ وکلاء نے بازئوں پر سیاہ پٹیاں باندھیں۔

(جاری ہے)

وکلاء تنظیموں نے اجلاسوں کا انعقاد بھی کیا جس میں سانحہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعہ کے ملزمان کی جلد گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا ۔کراچی میںسانحہ کوئٹہ کے خلاف سندھ بار کونسل کے جانب سے سٹی کورٹ ٬ ملیر کورٹ ٬ ہائی کورٹ ٬ نیب کورٹ ٬ اور اے ٹی سی میں ہڑتال کی گئی جسکے باعث عدالتی کاروائیاں معطل رہیں جبکہ وکلا ء بھی احتجاجاًعدالتوں میں پیش نہیں نہ ہوئے ۔

مختلف مقدمات میں نامزد قیدیوں کو بھی جیلوں سے عدالتوں میں پیش نہ کیا جا سکا ۔ہڑتال کے باعث دور دراز سے آنے والے سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے تمام بورڈ ڈسچارج کردئیے صرف ججز نے اہم مقدمات کی سماعت اپنے چیمبر زمیںکی۔لاہور میں بھی پاکستان بار کونسل کی کال پر سانحہ کوئٹہ کے خلاف مکمل ہڑتال کی گئی ۔

لاہور ہائیکورٹ ٬ماتحت عدلتوںمیں مقدمات کی سماعت نہ ہوئی ۔وکلاء نے بازوئوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کراحتجاج کیا ۔جبکہ لاہور ہائی کورٹ بار نے مذمتی اجلاس منعقد کیا جس میں وکلا ء کی جانب سے کوئٹہ میں دہشتگردی کے واقعے کی مذمت کی گئی۔پاکستان بار کونسل اور پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی اپیل پر سانحہ کوئٹہ کے خلاف ملک بھر کی طرح خیبر پختونخوا ہ میں وکلا ء نے ہڑتال کی ہے ۔وکلا ء کی جانب سے عدالت عالیہ اور ماتحت عدالتوں کا بائیکاٹ کیا گیا جس کی وجہ سے کسی عدالت میں مقدمات کی سماعت نہ ہوسکی۔ملتان میںبھی ہائیکورٹ بنچ اور ڈسڑکٹ کورٹ کی جانب سے عدالتی بائیکاٹ کیا گیا ۔وکلاء نے مذمتی اجلاسوں کے بعد احتجاجی ریلیاں بھی نکالیں اور دہشتگردی کیخلاف نعرے بازی کی۔

متعلقہ عنوان :