جڑواں شہروں میں موٹر سائیکلوں کی مانگ میں اضافہ

بدھ 26 اکتوبر 2016 13:43

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2016ء) جڑواں شہروں میں موٹر سائیکلوں کی مانگ میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ شہریوں نے بتایا کہ موٹر سائیکل کے ذریعے وقت پر پہنچنا آسان ہوتا ہے٬صبح اورچھٹی کے اوقات میں سڑکوں پر رش کے باعث گاڑیوں اور پبلک ٹرانسپورٹ پر سفر کرنا مشکل ہے۔ سرکاری دفتر میں کام کرنے والے ایک ملازم علی عباس نے بتایا کہ اس نے دفتر آنے جانے کے لئے موٹر سائیکل خریدا ہے٬ اس کی ایک وجہ روڈ پر رش ہے ۔

موٹر سائیکل پر رش میں ٹائم ضائع نہیں ہوتا اور وہ ٹائم پر اپنے دفتر پہنچ جاتے ہے۔ ایک طالب علم شہروز علی نے بتایا کہ وہ پہلے پبلک ٹرانسپورٹ پر سفر کرتا تھا لیکن اکثر رش کے باعث کالج وقت پر نہیں پہنچ سکتا تھا اب اس نے اپنا موٹر سائیکل لے لیا ہے جس پر سفر کی وجہ سے وہ وقت پر کالج پہنچ جاتا ہے۔

(جاری ہے)

نجی ادارے میں کام کرنے والے طاہر بٹ نے بتایا کہ آج کل موٹر سائیکل خریدنا آسان ہوگیا ہے اور اس نے تھوڑی سی رقم دیکر قسطوں پر موٹر سائیکل خرید کر اپنے سفر کو آسان کرلیا ہے۔

موٹر سائیکل فروخت کرنے والے ایک ڈیلر راجہ اصغر نے بتایا کہ آج کل موٹر سائیکلوں کی فروخت میں اضافہ ہوا ہے۔ اس کی بڑی وجہ سڑکوں پر رش اور پبلک ٹرانسپورٹ پر سفری مشکلات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال 20 لاکھ موٹر سائیکل بنائے گئے جو آئند سال 22لاکھ تک پہنچ جائے گی انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں موٹر سائیکلوں کی مانگ میں اضافہ کے پیش نظر بہت سی چینی کمپنیاں بھی میدان میں اتر آئی ہیں۔

اس کے علاوہ چنگچی رکشوں میں موٹر سائیکل کا استعمال بھی کیا جارہا ہے۔ جس کی وجہ سے موٹر سائیکل کی صنعت تیزی سے ترقی کررہی ہے جبکہ قسطوں پر موٹر سائیکل بیچنے کے باعث بھی موٹر سائیکلوں کی فروخت بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قسطوں پر موٹر سائیکل خریدنا آسان ہوگیا ہے٬ کچھ رقم دیکر موٹر سائیکل خریدا جاسکتا ہے جس سے خریدنے والے کی جیب پر بوجھ بھی نہیں پڑتا۔