کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سینٹر پرحملہ بزدلانہ اقدام ہے٬پاکستان کیساتھ ملکر کام کرتے رہیں گے٬ امریکہ

دہشتگردی کیخلاف مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے٬ پاکستان میں جمہوری حکومت اور پر امن احتجاج کی حمایت کرتے ہیں٬ ٬ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کی بریفنگ

بدھ 26 اکتوبر 2016 12:28

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اکتوبر2016ء) امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جا ن کربی کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کی کوششوں ٬ پاکستان میں جمہوری حکومت اور پر امن احتجاج کے حق کی حمایت کرتے ہیں دہشت گردی کے خلاف جامع اور مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں جمہوری عمل کی حمایت کرتے ہیں اور امریکا پر امن احتجاج کی حمایت کرتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد میں دھرنا اور احتجاج پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان براہ راست کردار ادا کرسکتا ہے٬ پاکستان ایسے تمام جنگجوئوں کے خلاف کارروائی کرے جو قیام امن میں رکاوٹ ہیں۔کوئٹہ سانحے کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں٬ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ سانحے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

جان کربی نے بتایا کہ مشکل گھڑی میں پاکستانی عوام اور حکومت کے ساتھ ہیں اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان اور دیگر اتحادیوں کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔ان کا کہنا تھاکہ یہ ایک بزدلانہ٬ سفاکانہ اور ہولناک حملہ ہے اور پاکستان اس طرح کی دہشت گردی کا پہلی بار نشانہ نہیں بن جان کربی کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان میں جمہوری حکومت کی حمایت کرتا ہے٬ ساتھ ہی پرامن احتجاج کے حق کی بھی حمایت کرتے ہیں لیکن تحریک انصاف کا احتجاج پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے ۔