امریکہ کی طرف سے جی ایس پی کی سہولت کی بحالی کا خیرمقدم

منگل 25 اکتوبر 2016 23:05

فیصل آباد۔25 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2016ء) آل پاکستان کاٹن پاور لومز ایسوسی ایشن کے سابق چیئر مین رانا اخلاق احمد نے امریکہ کی طرف سے جی ایس پی کی سہولت کی بحالی کا خیرمقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ جی ایس پی کے تحت آنے والی اشیاء میں ٹیکسٹائل سے متعلقہ اشیاء کو بڑی تعداد میں شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پروگرام کا مقصد پاکستان سمیت 127 ترقی پذیرملکوں کی مصنوعات کی امریکی منڈیوں تک رسائی کو بڑھانا ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلہ میں امریکی کانگریس نے باضابطہ قانون منظور کیا تھا جسے 31 جولائی 2013 کو ختم کر دیاگیا تھا تاہم اب دوبارہ اس پروگرام کو 31 دسمبر 2017 تک بحال کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت پاکستان امریکہ کو جیولری ٬ قالین٬ زرعی مصنوعات٬ کیمیکلز٬ معدنیات اور ماربل بھی برآمد کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ برآمدی اشیاء کے تیار اور برآمد کنندگان کو ضروری معلومات مہیا کی جانی چاہیئں تاکہ وہ امریکہ کو پاکستانی برآمدات بڑھانے میں اپنا کردار ادا کر سکیں ۔ فیصل آباد ٹیکسٹائل کا مرکز ہے اور ملک کی مجموعی ٹیکسٹائل کی برآمدات میں فیصل آباد کا حصہ 52 فیصد ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی معاشی قوت دراصل ٹیکسٹائل ہے۔

متعلقہ عنوان :