ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ڈینگی کے مسئلے کی روک تھام کیلئے سخت ترین انسدادی وحفاظتی اقدامات پر عملدرآمد کیا جارہا ہے٬ ڈی سی او

منگل 25 اکتوبر 2016 23:04

فیصل آباد۔25 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2016ء) ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ڈینگی کے مسئلے کی روک تھام کے لئے سخت ترین انسدادی وحفاظتی اقدامات پر عملدرآمد کیا جارہا ہے تاہم ڈینگی کے مریض رپورٹ ہونے کی صورت میں علاج معالجہ کی بہترین سہولتوں کو چوکس ومستعد رکھا گیا ہے یہی وجہ ہے کہ ضلع میں اس وقت تک رپورٹ ہونے والے ڈینگی کے مریض الحمداللہ توجہ سے علاج کے بعد روبصحت ہوئے ہیں۔

یہ بات ڈی سی او سلمان غنی نے الائیڈ ہسپتال کے دورہ کے دوران ڈینگی آئسولیشن وارڈ میں زیرعلاج مریضوں کے علاج معالجہ کی تازہ ترین صورت حال کاجائزہ لیتے ہوئے کہی۔صوبائی کوآرڈینیٹر برائے ڈینگی کنٹرول ڈاکٹروسیم اکرم٬میڈیکل سپرنٹنڈنٹ الائیڈ ہسپتال ڈاکٹرراشدمقبول٬فوکل پرسن ڈاکٹرمعصومہ سردار٬ضلعی کوآرڈینیٹربرائے ڈینگی کنٹرول ڈاکٹربلال احمدودیگر ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈی سی او نے ڈینگی کے مریضوں کے بہترین علاج معالجہ پر اپنے اطمینان کااظہار کیا اور کہا کہ تشخیصی یاطبی سہولتوں میں کوئی تعطل یاکمی نہیں ہونی چاہیے۔اس ضمن میں ہسپتال انتظامیہ کو تمام تر وسائل فراہم کئے گئے ہیں ۔انہوں نے ڈینگی کے زیرعلاج تین مریضوں کی عیادت کی اور ان کی بیماری کے حالات کاجائزہ لیتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

فوکل پرسن ڈاکٹرمعصومہ سردار نے بتایا کہ اس سیزن کے دوران الائیڈ ہسپتال میں ڈینگی کے 34کنفرم مریض داخل ہوئے جن میں سے 31مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو چلے گئے ہیں جبکہ موجودہ 3 مریضبھی تیزی سے صحت یاب ہورہے ہیں ۔ڈی سی او نے بعدازاں الائیڈ ہسپتال میں ایک میٹنگ کے دوران ہسپتال کی مجموعی کارکردگی٬طبی سہولیات اور درکار وسائل کاجائزہ لیا۔

اس موقع پرایم ایس کے ہمراہ میڈیسن کے ماہرین ڈاکٹراحمدبلال٬ڈاکٹرخالدامین٬ڈاکٹر عامر حسین ودیگر موجود تھے۔ڈی سی او نے کہا کہ ہیپاٹائٹس کے مریضوں کی تشخیص کے لئے پی سی آرٹیسٹ کرنے والی کٹس کی کمیابی کوفوری دور کیا جائے۔اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے بھرپور معاونت کی جائے گی۔انہوں نے ہسپتال میں مریضوں کی آسائش کے لئے ہرممکن اقدامات کرنے اور اعلیٰ نظم ونسق برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹرراشد مقبول نے ڈی سی او کو ڈینگی اورہیپاٹائٹس کے مریضوں کے علاج معالجہ کے لئے دستیاب وسائل اورالائیڈ ہسپتال کے بعض طبی وتشخیصی شعبوں کی وسعت کے اقدامات کے بارے میں بتایا۔

متعلقہ عنوان :