فیصل آبادڈویژن میں جعلی و غیر معیاری زرعی ادویات٬کھادیں اور بیج تیار و فروخت کرنے والوں کے خلاف منظم کریک ڈائون جاری رکھا جائے٬ کمشنر

منگل 25 اکتوبر 2016 23:04

فیصل آباد ۔25 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2016ء)ڈویژنل کمشنر مومن آغا نے سختی سے ہدایت کی ہے کہ ڈویژن کے چاروں اضلاع میں جعلی و غیر معیاری زرعی ادویات٬کھادیں اور بیج تیار و فروخت کرنے والوں کے خلاف منظم اور جامع کریک ڈائون جاری رکھا جائے اور ان کے خلاف درج مقدمات کی موثر انداز میں پیروی ہونی چاہیئے تاکہ زرعی ترقی کے دشمنوں کو نشان عبرت بنایا جاسکے۔

انہوں نے یہ ہدایت ڈویژنل زرعی مشاورتی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی جس میں ای ڈی اوز زراعت٬ڈی اوز زراعت٬محکمہ لائیو سٹاک٬کوآپریٹو ٬اریگیشین٬فیسکو٬کسان بورڈ٬شوگر ملز٬پیسٹی سائیڈز ڈیلرز کے نمائندگان بھی موجود تھے۔ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ فرٹیلائزرز کے جعلسازوں کے ٹھکانوں کا سراغ لگانے کیلئے ہر ممکن ذرائع بروئے کار لائے جائیں اور محکمہ زراعت کے دفاتر میں کمپلینٹ سیل میں موصولہ شکایات پر فوری رد عمل کا مظاہرہ کر کے اس دھندے میں ملوث عناصر کو قانون کی سخت گرفت میں لائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے سابقہ کارروائیوں کے دوران کھادوں و زرعی ادویات کے جعلسازوں کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ ملزموں کی گرفتاری اور عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کی تازہ ترین پیشرفت سے آگاہ کیا جائے۔کمشنر نے موجودہ فصلوں کی صورتحال اور مقررہ ٹارگٹ کے حصول٬زرعی لوازمات کی قیمتوں اور جاری ترقیاتی منصوبوں کی پراگریس کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ کسانوں کی ترقی و فلاح اور انہیں معیاری زرعی ادویات کی سو فیصد فراہمی وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے کسان دوست اقدامات میں شامل ہے جس میں رکاوٹ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کاشتکاروں کو نہری پانی کی دستیابی٬بجلی کی فراہمی ودیگر امور کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہر ممکن اقدامات کرنے کی تاکید کی۔انہوں نے ای ڈی اوز سے کہا کہ وہ کسان فورمز کا انعقاد کرکے کاشتکاروں کے مسائل و شکایات کے حل کیلئے حکمت عملی وضع کریں۔ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب نے چھوٹے کاشتکاروں کو 80 ارب روپے کے قرضہ جات فراہم کرنے کے علاوہ ٹیوب ویلز کیلئے بجلی کے ریٹس میں فی یونٹ واضح کمی کی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کچن گارڈننگ منصوبے کو سکولوں کی سطح پر بھی متعارف کرایا جائے۔کمشنر نے کسانوں کے بعض مسائل بھی سنے اور ان کے حل کیلئے اقدامات کی یقین دہانی بھی کرائی۔ای ڈی او زراعت فیصل آباد چوہدری عبدالحمید نے مختلف فصلوں کی کاشت کے ٹارگٹس ٬فصلوں کی پیداواری ٹیکنالوجی سے آگاہی کے لئے تربیتی پروگرامز کے انعقاد کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ کھادوں کی دستیابی کی صورتحال تسلی بخش ہے اور حکومت پنجاب نے کھادوں کی قیمتوں میں مزید کمی کی ہے جس پر عملدرآمدکرانے کے لئے محکمہ کے افسران متحرک ہیں ۔انہوں نے کاشتکاروں میں زرعی مشینری وآلات کی بھاری سبسڈی پرفراہمی٬سبزیوں کی پیداوار٬دالوں کی کاشت میں اضافے اورحکومت پنجاب کے دیگر منصوبوں سے بھی آگاہ کیا۔اجلاس کے دوران کاشتکاروں نے نہری پانی٬بجلی کی بلاتعطل فراہمی پر زور دیا اور زرعی امور کے بارے میں بعض مسائل کی نشاندہی کی۔