اقوام متحدہ‘ یورپی یونین ‘ امریکہ‘ فرانس اور جاپان کی کوئٹہ میں دہشتگردوں کے حملے کی مذمت

منگل 25 اکتوبر 2016 22:42

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2016ء) اقوام متحدہ‘ یورپی یونین ‘ امریکہ‘ فرانس اور جاپان نے کوئٹہ میں پولیس کے تربیتی مرکز پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کی ہے۔ پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر انجیلا کارنی نے دہشتگردی کے اس واقعہ پر دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے اور سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری ہمدردی پاکستان‘ پاکستانی سیکیورٹی فورسز ‘ دہشتگردی کا شکار ہونے والے افراد ‘ ان کے خاندانوں اور پاکستانی عوام کے ساتھ ہے۔ خارجہ امور اور سیکیورٹی پالیسیوں سے متعلق یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ و نائب صدر فیڈریکا موگرینی نے ایک بیان میں کہا کہ اس حملے کے نتیجے میں پاکستان‘ خطے اور دنیا میں دہشتگردی کے خلاف مضبوط عالمی تعاون کی ضرورت بڑھ گئی ہے۔

(جاری ہے)

امریکہ نے پاکستان کی حکومت کے ساتھ اس واقعہ پر یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ ہم دہشتگردی کا شکار ہونے والے افراد‘ ان کے خاندانوں اور پولیس کیڈٹس کے ساتھ دلی ہمدردی رکھتے ہیں۔ فرانسیسی سفارتخانے کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فرانس پاکستانی حکام کے ساتھ ہے۔ جاپان کی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردی کے اس واقعے میں متعدد افراد شہید اور زخمی ہوئے ہیں ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ جاپان نے دہشتگردی کے خاتمے کے لئے پاکستان کی حکومت کی کوششوں میں عالمی برادری کے ساتھ مل کر تعاون کا یقین دلایا ہے۔

متعلقہ عنوان :