عالمی برادری کو انسداد دہشتگردی میں پاکستان کی کامیابیوں کو نہ صرف سراہنا چاہیے بلکہ پاکستان کے تجربے سے سبق سیکھنا چاہیے

اقوام متحدہ کے انسداد دہشتگردی کے انتظامی ڈائریکٹوریٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جین پال لیبارڈی کی مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے گفتگو

منگل 25 اکتوبر 2016 22:42

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2016ء) اقوام متحدہ کے انسداد دہشتگردی کے انتظامی ڈائریکٹوریٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جین پال لیبارڈی نے دہشتگردی کے خلاف عالمی جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور کاوشوں کو سراہا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کو یہاں مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر خارجہ سیکرٹری اعزاز احمد چوہدری بھی موجود تھے۔

جان پال لیبارڈی نے کہا کہ اقوام متحدہ میں انسداد دہشتگردی پر ہونے والی بحث اور بالخصوص اقوام متحدہ کی عالمی انسداد دہشتگردی حکمت عملی کی منظوری میں پاکستان کا اہم کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو انسداد دہشتگردی میں پاکستان کی کامیابیوں کو نہ صرف سراہنا چاہیے بلکہ پاکستان کے تجربے سے سبق سیکھنا چاہے۔

(جاری ہے)

مشیر خارجہ نے اس موقع پر جغرافیائی اور سیاسی تبدیلیوں کا ذکر کیا جن کی وجہ سے پچھلے کئی عشروں سے خطے میں دہشتگردی کا مسئلہ پیدا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف عالمی برادری کی جنگ میں صف اول کے ملک کا کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے انسداد دہشتگردی کے لئے پاکستان کے نمایاں کردار اور قربانیوں کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نیشنل ایکشن پلان کی روشنی میں انسداد دہشتگردی کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ جو کہ دسمبر 2014ء میں آرمی پبلک سکول پشاور پر دہشتگردوں کے حملے کے بعد جامع 20 نکات کی بنیاد پر ترتیب دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :