پاکستان اور فیصل آباد کی اصل معاشی قوت اس کا ٹیکسٹائل سیکٹر ہے٬ہمیں کپاس کی آئندہ عالمی صف بندی اور حکمت عملی کی تیار ی میں بھر پور حصہ لینا ہوگا۔ ڈاکٹر اقرار

منگل 25 اکتوبر 2016 22:40

فیصل آباد ۔25 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2016ء) پاکستان اور فیصل آباد کی اصل معاشی قوت اس کا ٹیکسٹائل سیکٹر ہے لہٰذا ہمیں کپاس کی آئندہ عالمی صف بندی اور حکمت عملی کی تیار ی میں نہ صرف بھر پور حصہ لینا ہوگا بلکہ انٹرنیشنل کاٹن ایڈوائزری کمپنی کے 75 ویں تیاری اجلاس کے شرکاء کو اس کا مکمل ادراک دینے کیلئے 2 سے 6 نومبر تک جامعہ زرعیہ میں ہونے والی تقریبات میں ٹیکسٹائل کی جامع ترقی کا عملی اور بھر پور مظاہرہ بھی کرنا ہوگا ۔

یہ بات جامعہ زرعیہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے منگل کے روز فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے دورے کے دوران کہی جس میں چیمبر کے نو منتخب صدر انجینئر محمد سعید شیخ ٬سنیئر نائب صدر رانا سکندراعظم خاں اور نائب صدر احمد حسن کے علاوہ ایگزیکٹو ممبران نے بھی شرکت کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے زرعی شعبہ میں ہونے والی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ برس کپاس کی فصل کو زبردست نقصان پہنچا ۔

اس کے نتیجے میں ملکی برآمدات پر منفی اثرات مرتب ہوئے اور ایک اندازے کے مطابق صرف ٹیکسٹائل کے شعبہ کو چار سے 5 ارب روپے کا نقصان پہنچا ۔1947 کے مقابلے میں دیگر فصلوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ نہ زمین اور نہ پانی بڑھنے کے باوجود 20 کروڑ آبادی کی غذائی ضروریات کو پورا کرنا بہت بڑا چیلنج ہے اور اس وقت صورتحال یہ ہے کہ گندم ٬مکئی ٬چاول اور چینی سمیت کئی اجناس کی فاضل پیداوار حاصل کی جا رہی ہے ۔

وائس چانسلر نے کہا کہ فاضل پیداوار کے برعکس پاکستان میں 30 سے 40 فیصد بچے اور عورتیں غذائی قلت کا شکار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں اور سالوں میں فیصل آباد اپنے محل وقوع کی وجہ سے عالمی معاشی مرکز کے طور پر ابھر ے گا تاہم اس سلسلہ میں چیلنجز کے ساتھ ساتھ کام کرنے والوں کیلئے بے شمار مواقعے بھی ہیں جن سے فائدہ اٹھانے اورملک کی خوشحالی کے معاشی ایجنڈے کی تکمیل کیلئے مشترکہ کوششیں بھی کرنا ہونگی ۔

انہوں نے کہا کہ ترقی کیلئے ٹیکنالوجی سمیت تمام متعلقہ عوامل موجود ہیں اب ہمیں صرف ان میں تال میل کی ضرورت ہے ۔سماجی حالات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دیہی زندگی کو مشکل بنانے سے شہر وں کی طرف نقل مکانی کے رجحان کو تقویت ملی اب اس عمل کو درست کرنے کیلئے دیہی معیشت اور معاشرت میں بہتری کے ساتھ ساتھ عام آدمی کے حالات کار اور کارکردگی میں اضافہ بھی ناگزیر ہے ۔

انٹرنیشنل کاٹن ایڈوائزری کمیٹی کا ذکر کرتے ہوئے ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے بتایا کہ اس میں کپاس پیدا کرنے والے 43 ملکوں کے نمائندے شرکت کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ 75 ویں تیاری کانفرنس اسلام آباد میں ہو گی مگر ا س کے شرکاء 3 روز کیلئے فیصل آباد کا بھی دورہ کرینگے جہاں انہیں فیصل آباد کی اصل معاشی قوت کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملے گا ۔

انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری اس سلسلہ میں منعقد کی جانے والی تقریبات میں بھر پور حصہ لے ۔انہوں نے کہا کہ جامعہ زرعیہ ٹیکسٹائل سیکٹر کو نمائش لگانے کیلئے مفت جگہ بھی مہیا کرنے کو تیار ہے جبکہ ہم مل کر شرکاء کے لئے مختلف معلوماتی اور تفریحی تقریبات بھی منعقد کرا سکتے ہیں ۔اس سے قبل صدر انجینئر محمد سعید شیخ نے -ڈاکٹر اقرار احمد خاں کی سابقہ ادوار کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ فیصل آباد کی اس قدیمی جامعہ کو حقیقی معنوں میں درسگاہ کا روپ دینے کا تمام تر کریڈٹ بھی انہیں جاتا ہے ۔

انہوں نے یونیورسٹی میں برادری ازم اور لڑائی جھگڑوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اس قسم کے مافیا کی نکیل ڈالنا دل جگرے کا کام ہے اور اپنی انہی خوبیوں کی وجہ سے وہ فیصل آباد کے لوگوں میں ہمیشہ زندہ رہینگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر اقرار احمد خاں ایک بہت منتظم اور مدبر استاد بھی ہیںانہوں نے اپنی ویژن سے جامعہ زرعیہ کو ایک نیا روپ دیا اپنی علمی تعلیمی اور تحقیقی سرگرمیوں کی وجہ سے آج جامعہ زرعیہ کو عالمی سطح پر ایک امتیازی مقام حاصل ہے ۔

اور میں ان کو فیصل آباد کے تاجروں اور شہریوں کی طرف سے زبردست خراج عقیدت پیش کرتا ہوں ۔نائب کاٹن کانفرنس کے حوالے سے صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی طرف سے اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا اور انڈسٹری اکیڈیمیا کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر حبیب اسلم گابا کو چیمبر کی طرف سے نامزد کیا ۔وہ انٹرنیشنل کاٹن ایڈوائزری کمپنی کے سلسلہ میں ہونے والی تقریبات کے حوالہ سے چیمبر کی طرف سے جامعہ زرعیہ سے مکمل تعاون کریں گے ۔

نائب صدر انجینئر احمد حسن نے زرعی اجناس کی ویلیو ایڈیشن پر زور دیا کہ اس سلسلہ میں جامعہ زرعیہ اور فیصل آباد چیمبر کو مل کر جدوجہد کرنا ہوگی ۔سوال و جواب کی نشست میں چوہدری طلعت محمود اور دیگر شرکاء نے بھی حصہ لیا جب کہ آخر میں سنیئر نائب صدر رانا سکندر اعظم خاں نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔آخر میں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر انجینئر محمد سعید شیخ نے جامعہ زرعیہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں کو چیمبر کی اعزازی شیلڈ بھی پیش کی ۔

متعلقہ عنوان :