ایشیائی ترقیاتی بینک بنیادی ڈھانچہ٬ سڑکوں٬ ریلوے٬ بندرگاہوں کی سہولیات اور توانائی کے شعبہ میں پاکستان کی ترقیاتی امداد بڑھانے پر غور کر رہا ہے

ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر کی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے گفتگو

منگل 25 اکتوبر 2016 22:13

ایشیائی ترقیاتی بینک بنیادی ڈھانچہ٬ سڑکوں٬ ریلوے٬ بندرگاہوں کی سہولیات ..

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2016ء) ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر تاکے ہیکو گوکائو نے کہا ہے کہ پاکستان کی مضبوط اقتصادی صورتحال اور شرح نمو کی رفتار کی بنیاد پر ایشیائی ترقیاتی بینک بنیادی ڈھانچہ٬ سڑکوں٬ ریلوے٬ بندرگاہوں کی سہولیات اور توانائی کے شعبہ میں پاکستان کی ترقیاتی امداد بڑھانے پر غور کر رہا ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کو یہاں وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے ملاقات کے دوران کیا۔ وزیر خزانہ نے اس موقع پر ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر کو دوسری مدت کیلئے بینک کا صدر نامزد ہونے پر مبارکباد دی۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر نے اس موقع پر کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعہ میں شہید ہونے والوں کیلئے تعزیت کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات افسوسناک ہیں لیکن دنیا دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جرأت اور حوصلہ کو تسلیم کرتی ہے۔

وزیر خزانہ نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر کو پاکستان میں اصلاحات کے عمل اور معیشت کو بہتر بنانے کیلئے حکومت کی حکمت عملی کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر نے وزیر خزانہ کو آئی ایم ایف پروگرام کے تحت اہم اصلاحات کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے تین سالہ پروگرام کی تکمیل سے اقتصادی استحکام کیلئے پاکستان کے عزم کا اظہار ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ زرمبادلہ کے بلند ترین ذخائر٬ افراط زر کی شرح میں 10 فیصد سے کمی اور بلند شرح نمو کی وجہ سے ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو ایک ممتاز ترقیاتی شراکت دار تصور کرتا ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت توانائی اور بنیادی ڈھانچہ کی ترقی پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ انہوں نے ایشیائی ترقیاتی بینک سے کہا کہ وہ بنیادی ڈھانچہ کی ترقی کے منصوبوں میں شراکت دار کے طور پر کام کرے۔ وزیر خزانہ نے امید ظاہر کی کہ وسط ایشیائی علاقائی تعاون کی وزارتی کانفرنس سے رکن ممالک کو وسطی ایشیاء کے خطہ میں اقتصادی تعاون بڑھانے میں مدد ملے گی۔

متعلقہ عنوان :