پاک چین اقتصادی راہداری پاکستان اور بلوچستان کیلئے ایک عظیم منصوبہ ہے اور یہ منصوبہ مشرق و مغرب کو باہم مربوط کرنے میں مددگار ثابت ہوگا٬گورنر بلوچستان محمدخان اچکزئی کا خضدار انجینئرنگ یونیورسٹی کے تیسرے کانووکیشن کے شرکاء سے خطاب

منگل 25 اکتوبر 2016 22:12

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2016ء) گورنر بلوچستان محمدخان اچکزئی نے کہا ہے کہ سائنس کا بنیادی جوہر یہ ہے کہ اس میں جمود کا کوئی تصور نہیں پایا جاتا ہے جب روایتی خیالات معدوم ہوجاتے ہیں تو جدید تقاضوں کے مطابق نئے حقائق ابھر آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضروری ہے کہ ہم روایتی طرز فکر سے باہر آکر جدید علم و دانش سے ہم آہنگی پیدا کریں۔

بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ ایند ٹیکنالوجی خضدار سے فارغ التحصیل انجینئرز سی پیک کے پیش نظر مستقبل قریب میں رونما ہونے والی تبدیلیوں سے بھرپور استفادہ کرنے کیلئے تیار رہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے منگل کے روز خضدار انجینئرنگ یونیورسٹی کے تیسرے کانووکیشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی مولانا قمر الدین ٬ صوبائی وزیر ڈاکٹر حامد خان اچکزئی خضدار انجینئرنگ یونیورسٹی کے وائس چانسلر بریگیڈئر (ر) محمد امین٬ وائس چانسلر لسبیلہ یونیورسٹی دوست محمدبلوچ٬ کمسنر قلات ڈویژن محمد ہاشم غلزئی٬ ڈی آئی جی قلات رینج منظور احسن٬ ڈپٹی کمشنر خضدارحاجی سہیل الرحمن بلوچ٬ پی آر سی خضدار کے پرنسپل محمد عالم جتک کے علاوہ طلباء و طالبات کی اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری پاکستان اور بلوچستان کیلئے ایک عظیم منصوبہ ہے اور یہ منصوبہ مشرق و مغرب کو باہم مربوط کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ اس ضمن میں خضدار کے عوام بہت خوش قسمت ہیں کہ ان کا علاقہ سی پیک منصوبے کے سنگم پر واقع ہے جس کی تکمیل سے نہ صرف وسیع پیمانے پر روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ اس سے معاشی و اقتصادی خوشحالی کوبھی فروغ حاصل ہوگا۔

گورنر نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ خضدار انجینئرنگ یوینورسٹی میں طالبات کی بھی خاصی تعداد ہے اور وہ پوزیشن ہولڈرز میں بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانووکیشن کا انعقاد کسی بھی تعلیمی ادارے کیلئے ایک ایسا موقع ہے جس میں طلبہ اور والدین ٬ اساتزہ کے ساتھ باقاعدہ شرکت کرتے ہیں۔ گورنر نے طلباء اور طالبات پر زور دیا کہ ڈگری کے حصول کے بعدان پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں اور حاصل کردہ علم سے معاشرے کو فائدہ پہنچائیں۔

گورنر نے کہا کہ تعلیم کے حصول کا مقصد طلباء و طالبات کے اخلاقی کردار کو سنوارنا ہے اس حوالے سے اساتذہ کا یہ فرض بنتا ہے کہ وہ طلباہ کو نہ صرف اخلاقی طور پر مضبوط بنائیں بلکہ انہیں سچ بولنے کا بھی درس دیں۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ طلباہ کے ذہن کو علم و دانش اس طرح منور کریں وہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق معاشرے کیلئے سود مند ثابت ہوسکیں۔

گورنر نے وائس چانسلر اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے یونیورسٹی کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے طلباء و طالبات پر زور دیا کہ وہ اپنی کاوشوں کو جاری رکھیں کیونکہ مستقبل کے حوالے سے ہمیشہ بہتری کی گنجائش موجود رہتی ہے۔ کانووکیشن کے دوران پولیس ٹریننگ میں شہید ہونے والے اہلکاران کے ایصال ثواب کیلئے خصوصی دعا کی گئی ۔ قبل ازیں گورنر نے خضدار انجینئرنگ یونیورسٹی کے نو تعمیر شدہ طلبہ ہاسٹل کا افتتاح بھی کیا۔ کانووکیشن کے اختتام پر گورنر نے فارغ التحصیل ہونے والے طلباء و طالبات میں اسناد بھی تقسیم کیں۔