ضلع ملیر اور رزاق آباد میں قائم سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی کمی اور سہولیات کی عدم دستیابی کے خلاف اہلیان چوکنڈی اور رزاق آباد ویلفیئر ایسو سی ایشن کا پریس کلب کے باہر الگ الگ احتجاجی مظاہرہ

منگل 25 اکتوبر 2016 21:44

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 اکتوبر2016ء)ضلع ملیر اور رزاق آباد میں قائم سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی کمی اور سہولیات کی عدم دستیابی کے خلاف اہلیان چوکنڈی اور رزاق آباد ویلفیئر ایسو سی ایشن نے منگل کو کراچی پریس کلب کے باہر الگ الگ احتجاجی مظاہرہ کیا٬ان مظاہروں میں اسکول یونیفارم میں طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد شریک تھی جنھوں ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے ٬اہلیان چوکنڈی کی جانب سے مظاہرے کی قیادت یوسی 24کے وائس چیئر میں عبدالرشید پنھور کررہے تھے ٬ ان کا کہنا تھا کہ چوکنڈی میں واقع حسن پنھور پرائمری اسکول میں600سے زائد بچے زیر تعلیم ہیں ٬ کلاسز کی تعداد صرف4کمروں پر مشتمل اور اساتذہ کی تعداد محض5ہے ٬ اسکول کی عمارت خستہ حال ہے سیکرٹری تعلیم اور وزیر اعلیٰ سندھ نوٹس لیں اور اسکول میں اساتذہ کی تعیناتی اور عمارت کی تعمیر جلد از جلد کرائیں۔

(جاری ہے)

رزاق آباد گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول کے تحت کیے جانے والے مظاہرے کی قیادت ویلفیئر ایسو سی ایشن کے رہنما حاجی گبول کر رہے تھے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ اسکول میں صرف ایک ٹیچر ہے٬ جبکہ 150سے زائد بچے زیر تعلیم ہیں ٬ کلاس روم کی چھتیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جو حادثہ کا باعث بن سکتی ہیں٬ جبکہ چوکیدار ٬ خاکروب اور غیر تدریسی عملہ بھی تعینات نہیں٬ مظاہرین نے وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ اسکول کی عمارت کی تعمیر٬ اساتذہ اور غیر تدریسی عملہ کی مستقل تعیناتی کی جائے۔