پنجاب حکومت نے تحریک کے کارکنوں میں خوف و ہراس پیدا کرنا شروع کر دیا ہے٬نعیم الحق

احتجاج میں کوئی بھی رکاوٹ کھڑی کی گئی تو پیدا ہونے والے نقصانات کی ذمہ داری حکومت پر عائدہو گی‘مر کزی سیکرٹری اطلاعات تحر یک انصاف

منگل 25 اکتوبر 2016 21:40

ْلاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 اکتوبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے حسب روایت تحریک انصاف کے 2نومبر کے احتجاج سے پہلے پورے پنجاب میں تحریک کے کارکنوں میں خوف و ہراس پیدا کرنا شروع کر دیا ہے‘پنجاب پولیس کی پرتشدد پالیسی اس سے پہلے بھی مختلف اوقات میں عیاں ہو چکی ہے۔

(جاری ہے)

منگل کے روز اپنے ایک بیان میں نعیم الحق نے کہا کہ پنجاب پولیس نے روزانہ کی بنیاد پر تحریک کے کارکنوں کے گھروں پر اور راولپنڈی اسلام آباد کے ہوٹلوں پر چھاپے مارنے شروع کر دیئے ہیں۔تحریک انصاف پنجاب حکومت کو متنبہ کرتی ہے کہ اگر اس نے اس قسم کی کارروائیاں نہ روکیں تو اس کا شدید رد عمل سامنے آئے گاجس کا نقصان سراسر حکومت کو پہنچے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ 2نومبر کو پورے ملک سے لاکھوں کی تعداد میں لوگ اسلام آباد کی طرف رواں دواں ہونگے۔ ان کی راہ میں اگر کوئی رکاوٹ کھڑی کی گئی تو اس سے پیدا ہونے والے نقصانات کی ذمہ داری حکومت پر عائدہو گی۔ انہوں نے ایک بار زور دے کر کہا کہ تحریک انصاف پنجاب حکومت کے ان ہتھکنڈوں کی شدید مذمت کرتی ہے اور ایک بار پھر متنبہ کرتی ہے کہ وہ ان سے گریز کرے۔

متعلقہ عنوان :