Live Updates

تحریک انصاف کااسلام آباد کو بند کرنے کی دھمکیاں دینا مناسب عمل نہیں ٬ سیاستدان ہوکر تیسری قوت کے آنے کی باتیں کرنے والے عمران خان ہمیشہ آمروں اور تیسری قوتوں کے ساتھ خوش رہتے ہیں

پیپلز پارٹی سندھ کے صدرنثا راحمد کھوڑوکی مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو کے ہمراہ پریس کانفرنس

منگل 25 اکتوبر 2016 21:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 اکتوبر2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدرنثا راحمد کھوڑو نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے اسلام آباد کو بند کرنے کی دھمکیاں دینا مناسب عمل نہیں ہے ٬ سیاستدان ہوکر تیسری قوت کے آنے کی باتیں کرنے والے عمران خان ہمیشہ آمروں اور تیسری قوتوں کے ساتھ خوش رہتے ہیں٬اگر عمران خان ایمپائر کی انگلی کے اشارے پر رہے تو تحریک انصاف کا مستقبل بھی ق لیگ کی طرح بن جائے گا٬وہ منگل کو سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے٬اس موقع پر مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو بھی موجود تھے ٬اس دوران پنجابی پختون اتحاد )پی پی آئی)کے چیئرمین مظہر شیرازی اور رانی شیرازی نے ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا٬نثار احمد کھوڑونے انھیں پارٹی میں شامل ہونے پر خوش آمدید کہا٬پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ اگر عمران خان 58ٹوبی کے انتظا رمیں ہے تو وہ ایمپائر کی انگلی کا انتظار کرنا چھوڑ دیں٬ کیونکہ اب آئین سے 58ٹوبی کی شق ختم کردی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کو کوئی بھی خطرہ نہیں ہے اور ملک کا مستقبل بھی جمہوریت میں ہی ہے اور سازشوں کے ذریعے آنے والی تبدیلی جمہوریت کے لیے بہتر نہیں ہوگی اس لیئے پیپلز پارٹی کسی بھی غیر آئینی طریقے سے تبدیلی کی حمایت نہیں کرے گی۔انھوں نے کہا کہ نواز شریف اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کی صفائی پیش کریں اور وہ خود کواحتساب کے لیے پیش کریں اور اگر پیپلز پارٹی کے چار مطالبات پر عمل نہیں ہواتو 27دسمبر کے بعد حکومت کو پتہ چل جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ گالیاں دینا پاگلوں کا کام ہے ایسی سیاسی جماعتوں کا مستقبل تاریک ہے جو لوگ کچھ نہیں کرسکتے وہ سیاستدانوں کو خراب لقابات سے نواز تے ہیں۔نثار کھوڑو نے کہا کہ کوئٹہ سانحہ ضرب عضب او ر نیشنل ایکشن پلان کے تحت کی جانے والی کوششوں کو ناکام بنانے کی سازش ہیں۔انھوں نے کہا کہ ملک کے اپنے لوگ بیرونی قوتوں سے مل کر ایسے واقعات کرارہے ہیں اور اگر اس واقعے میں کوئی بیرونی قوت ملوث ہے تو انھیں بتا دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان کی قوم ہمت کے ساتھ مقابلہ کرنے کے لیے متحد اور تیار ہے اور قوم دہشتگردوں سے جم کر مقابلہ کرے گی۔

انھوں نے کہا کہ پرامن زندگیوں کو تباہ کرنے کے لیے کتنا بھی ظلم کیوں نہ کیا جائے مگر شکست ملک دشمنوں کوہی ہوگی۔نثار کھوڑو نے کہا کہ پیپلزپارٹی کوئٹہ واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے جس سانحہ میں 61لوگ شہید ہوئے اور 112سے زائد زخمی ہیں ہم متاثرہ خاندان کے دکھ میں برابرکے شریک ہیں۔اس موقع پر مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ ملک میں اب دو نمبری سیاست اب نہیں چلے گی جس شخص کو احتجاجی تحریک چلانے کے لیے وقت اور تاریخوں کا پتہ ہی نہیں وہ کیا سیاست کرے گا۔

انھوں نے کہا کہ ایمپائر کی انگلی کے انتظار میں تحریک انصاف بھی ق لیگ نہ بن جائے۔انھوں نے کہا کہ غیر آئینی تبدیلی آئی تو حکومت کے ساتھ تحریک انصاف بھی ذمہ دار ہوگی۔مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ پیپلز پارٹی پر خواجہ اظہار کے الزامات کی کوئی حیثیت نہیں یہ الزامات ایسے ہے جیسے بھینس گائے کو بولے کہ دٴْم کالی۔انھوںنے کہا کہ گورنر سندھ کا احترام کرتے ہیں وہ طویل عرصے سے فرائض انجام دے رہے ہیں گورنر پر ان کے دیرینہ ساتھی الزامات عائد کررہے ہیں٬ مولابخش چانڈیونے کہا کہ وزیر اعلی سند ھ کے زیر صدارات امن و امان کا اجلاس ہوا جس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ جو بھی تنظیم دہشتگردی میں ملوث رہی تو ان کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات