سی ڈی اے ٹریننگ اکیڈمی کو شہر کا بہترین تربیتی ادارہ بنایا جائے گا٬چیئرمین شیخ انصر عزیز

منگل 25 اکتوبر 2016 21:23

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2016ء) میئر اسلام آباد وچیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کی ہدایت پرسی ڈی اے ٹریننگ اکیڈمی کو شہر کا بہترین تربیتی ادارہ بنایا جائے گاجہاں پر نہ صرف سی ڈی اے بلکہ دیگر سرکاری محکموں کے افسران و ملازمین کے علاوہ تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم طلباء کو بھی پیشہ وارانہ تربیت دی جائے گی تاکہ انکو مستقبل کے چیلنجوں سے نبرد آزما ہونے کیلئے تیار کیا جا سکے گا۔

سی ڈی اے اور میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے افسران و ملازمین کی صلاحیتوں میں اضافے کیلئے ایسے تربیتی کورس ترتیب دیئے جائیں گے جن سے نہ صرف افسران و ملازمین کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مدد ملے گی بلکہ ادارے کی نیک نامی میں اضافے کے ساتھ ساتھ شہریوں کا اعتماد حاصل کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار ممبر ایڈمنسٹریشن سی ڈی اے محمد سلیمان خان وڑائچ نے سی ڈی اے ٹریننگ اکیڈیمی کے زیرِ اہتمام لیڈ ر شپ کے عنوان سے منعقدہ33 ویں ٹریننگ کورس کی افتتاحی تقریب کے موقع پر کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ممبر ایڈمنسٹریشن سی ڈی اے نے کہا کہ پیشہ وارانہ تربیت وہ ذریعہ ہے جس سے علم کو عمل کی شکل دے کر افرادی قوت کا بہتر طریقہ سے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیزسی ڈی اے ٹریننگ اکیڈیمی کو مکمل طور پر فعال کر نے میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں کیونکہ ٹریننگ ہی وہ واحد ذریعہ ہے جس سے نہ صرف شہریوں کی بہترین خدمت کی جا سکتی ہے بلکہ سروس ڈیلیوری کے سسٹم میں بہتری لا کر ادارے میں میرٹ اور شفافیت کے عمل کو یقینی بنا کرمطلوبہ نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں کیونکہ عملی زندگی میں کامیابی کے لیے سخت محنت ہی واحد حل ہے۔

انہوں نے سی ڈی اے ٹریننگ اکیڈیمی کو مزید فعال بنانے کے لیے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل ٹریننگ اکیڈیمی ثناء اللہ امان نے کورس کے شرکاء کو سی ڈی اے ٹریننگ اکیڈیمی کے زیرِ اہتمام منعقد کیے جانے والے تربیتی پروگراموں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 27 ماہ کی مدت میں 32 پیشہ ورانہ تربیتی کورس ٬ 4 میگا لیکچرز اور ایک انٹرنیشنل ورکشاپ کا انعقاد کیا جا چکا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سی ڈی اے ٹریننگ اکیڈیمی سی ڈی اے کے افسران و ملازمین کی صلاحیتوں کو ابھارنے کے لیے بلا امتیاز مختلف تر بیتی پروگرام ترتیب دیتی رہی جس میں سی ڈی اے کے ہر شعبے کے افسران و ملازمین شرکت کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے ممبر ایڈمنسٹریشن کو ٹریننگ اکیڈیمی کے مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :