سائنسی تحقیق کیلئے مختص بجٹ کو 0.29 سے بڑھا کر جی ڈی پی کا ایک فیصد کیا جائے گا٬ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین

منگل 25 اکتوبر 2016 21:23

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2016ء) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی اور دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ سائنسی تحقیق کیلئے مختص بجٹ کو 0.29 سے بڑھا کر جی ڈی پی کا ایک فیصد کیا جائے گا٬ سائنسی تحقیق میں اس وقت پاکستان کا نمبر 89 واں ہے٬ موجودہ حکومت نے نیشنل کمیشن فار سائنسی ترقی کا 14 سال بعد اجلاس منعقد کیا ہے جو کہ ہر سال منعقد ہونا ضروری ہے٬ برطانوی ادارے نے وزارت سائنس کے زیراہتمام چلنے والی یونیورسٹیوں کامسیٹس اور نسٹ کو پاکستان کی بہترین سائنسی یونیورسٹیاں قرار دیا ہے٬ ماضی میں وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو سب سے نظر انداز کی جانے والی وزارت سمجھا جاتا تھا تاہم ہم نے سفارش کا کلچر ختم کرکے اس کو اہم وزارت بنا دیا ہے۔

وہ ملک میں سائنسی کلچر کے فروغ کیلئے پاکستان سائنس فائونڈیشن اور نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے درمیان باہمی تعاون کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس سلسلہ میں منگل کو پاکستان سائنس فائونڈیشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف اور نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے صدر شکیل انجم نے ایک پروقار تقریب میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔

معاہدے کے تحت وزارت سائنس نیشنل پریس کلب میں صحافیوں کو سائنس و ٹیکنالوجی کی رپورٹنگ کیلئے تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کرے گی۔ اس کے علاوہ صحافیوں کے بچوں کو سائنس کے شعبہ میں تعلیم کیلئے سکالر شپ بھی دیئے جائیں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ میڈیا کا کردار عوام کی رائے پر اثر انداز ہونے میں مسلمہ ہے اور ملک میں سائنس کی ترویج و ترقی کیلئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کے تعاون کے بغیر ملک میں سائنسی کلچر کو فروغ نہیں دیا جا سکتا۔

متعلقہ عنوان :