وزیر اعظم او رآرمی چیف کی پولیس ٹریننگ سنٹرحملے کے زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت

زخمیوں کے علاج میں کوئی کوتاہی نہیں برتی جائے گی٬ پاکستان کی سلامتی کیلئے ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دی جائیں گی‘ حکومت اور فوج مل کر دہشتگردی کے خاتمے کے لئے کوششیں کر رہی ہیں ٬دہشتگردو ں کا بڑا نیٹ ورک توڑا گیا وزیر اعظم نوا زشریف او رآرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زخمی اہلکاروں کو یقین دہانی

منگل 25 اکتوبر 2016 21:10

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 اکتوبر2016ء) وزیر اعظم نوا زشریف او رآرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پولیس ٹریننگ سنٹر میں دہشتگردوں کے حملے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی سول ہسپتال میں عیادت کی اور انہیں اس بات کا یقین دلایا کہ ا ن کے علاج معالجہ میں کوئی کوتاہی نہیں برتی جائے گی اور پاکستان کی سلامتی کیلئے ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دی جائیں گی‘ حکومت اور فوج مل کر دہشتگردی کے خاتمے کے لئے کوششیں کر رہی ہیں اور دہشتگردو ں کا بڑا نیٹ ورک توڑا گیا ہے۔

منگل کو وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف نے سول ہسپتال میں دہشت گرد حملے میں زخمیوں کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ‘ قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ‘ وزیر اعلیٰ نواب ثناء اللہ زہری ‘ گورنر محمد خان اچکزئی ‘ کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم اور آرمی چیف فرداً فرداً زخمیوں کے پاس گئے اور ان کی خیریت دریافت کی۔ اپنے درمیان سیاسی اور عسکری قیادت کو پا کر زخمیوں کے حوصلے بلند ہوئے اور انہوں نے واقعہ کی تفصیلات سے بھی وزیر اعظم اور آرمی چیف کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ زخمیوں کے علاج معالجہ میں کوئی کوتاہی نہ برتی جائے اور جو لوگ اس واقعہ میں شہید ہوئے ہیں ان کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ پاکستان سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔