مسلم لیگ (ن) اور نوازشریف کے پاس سیاسی شعور رکھنے والے افراد کی کمی ہے ٬ اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی

وزیراعظم کے مشیر انہیں اچھا مشورہ نہیں دیتے جس کے باعث انہیں موجودہ صورتحال کا سامنا ہے٬ میڈیا سے گفتگو شکارپور ضمنی انتخابات میں پیپلزپارٹی امیدوار کو کم ووٹ ملنے پر بلاول بھٹو نے کمیٹی قائم کردی

منگل 25 اکتوبر 2016 21:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2016ء) سندھ اسمبلی کے اسپیکر آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور نوازشریف کے پاس سیاسی شعور رکھنے والے افراد کی کمی ہے ٬ وزیراعظم کے مشیر انہیں اچھا مشورہ نہیں دیتے جس کے باعث انہیں موجودہ صورتحال کا سامنا ہے۔منگل کو سندھ اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے آئین اور اداروں کو تسلیم نہ کرنا اور اپنی مرضی چلانا سیاسی روایت نہیں ہے اور یہ خطرناک رجحان ہے ۔

انہوں نے سانحہ کوئٹہ کی شدید مذمت کی اور شہدا ء سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ اسطرح کے واقعات پر دل خون کے آنسو روتا ہے٬دنیا میں دہشت گردی ختم نہیں ہوئی ہے۔ جنرل راحیل شریف نے دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے فیصلہ کن کارروائی شروع کی ہے جو قابل تحسین ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ناممکن ہے اسے کم کرنے کے لیے اقدامات کی اشد ضرورت ہے ۔

عمران خان کی جانب سے دی جانے والی احتجاج کی کال کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ احتجاج کا آئین و قانون کے دائرہ کار کے اندر ہوناچاہئے ٬پانامہ لیکس پر پی پی نے بھی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میںدہشت گردی اس وقت تک نہیں رک سکتی جب تک کے پی کے اور بلوچستان کی پڑوسی ممالک سے سرحدوں کو سیل نہ کردیا جائے ۔سرحدیں محفوظ بنانے کے لیے وفاقی اورصوبائی حکومتوں کو مظبوط منصوبہ بندی کرنا ہوگی ۔آغا سراج درانی نے کہا کہ شکارپور ضمنی انتخابات میں پیپلزپارٹی امیدوار کو کم ووٹ ملنے پر بلاول بھٹو نے کمیٹی قائم کردی ہے ۔قائم علی شاہ کی سربراہی میں بنائی گئی کمیٹی معاملے کی تحقیقات کرے گی ۔