آفاق احمد کی کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ کیمپ پر دہشت گردوں کے حملے کی سخت الفاظ میں مذمت

منگل 25 اکتوبر 2016 20:56

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اکتوبر2016ء) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان ) کے چیئرمین آفاق احمد نے کوئٹہ کے علاقے سریاب میں پولیس ٹریننگ کیمپ پر دہشت گردوں کے حملے کی سخت الفاظ میں مذمت اور درجنوں اہلکاروں کی شہادت اور 130سے زائد کے زخمی ہونے پر دلی افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ اب بات آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کے روائتی بیانات سے آگے جاچکی ہے ٬سیکیورٹی ادارے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مصروف عمل ضرور ہیں لیکن کچھ ذمہ داری حکومت کی بھی بنتی ہے لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ حکومت کو سیاسی جھگڑوں سے فرصت ملے تو وہ کسی جانب دیکھے ۔

اپنے بیان میں اآفاق احمد نے کہا کہ اس طرح کی سفاکانہ واقعات کے بعد ہر بار دہشت گردوں اور انکے سہولت کاروں سے نمٹنے کے کھوکھلے دعوے کئے جاتے ہیں! سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ دہشت گردی پر مبنی کاروائیوں کو بزدلانہ حملے کہہ کر جان چھڑانے کی روایت کب تک برقرار رہے گی! اسکے علاوہ اگر ہم اس طرح کی کاروائیوں کو بزدلانہ تصور کر بھی لیں تو کیا حکمرانوں کا یہ فرض نہیں بنتا کہ تھوڑی بہت ذمہ داری وہ اپنے کندھوں پر ڈال لیں جو عرصہ دراز سے خالی پڑے ہیں اور صرف جھکانے کے کام آتے ہیں۔

(جاری ہے)

آفاق احمد نے کہا کہ آرمی پبلک اسکول ہو یا مہران بیس ٬کامرہ ائیر بیس ہو یا سریاب پولیس ٹریننگ کیمپ یا پھراقبال ٹائون بم دھماکہ ٬نقصان عام لوگوں اور سیکیورٹی اداروں کا ہورہا ہے اور مسلسل ہورہا ہے جس کے سدباب کا سوچنا کسی اور کی نہیں صرف حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن حکمران آپریشن ضرب عضب سمیت ہر چیز کا کریڈٹ لینے کے سوا کچھ نہیں کررہے ٬عوام پوچھنے میں حق بجانب ہیں کہ قتل و غارت کا یہ سلسلہ کب رکے گا اور وہ کونسا وقت ہوگا جب حکومت اپنی ذمہ داریوں کو سمجھے گی۔

آفاق احمد نے کہا ملک اسوقت نازک دور سے گذر رہا ہے اس لئے ہمیں خوش فہمی ترک کرکے حقیقت کی دنیا میں آجانا چاہئے اور یہ اسی وقت ممکن ہے کہ ہم دشمن کی کمر توڑنے کے دعوے کرنے کی بجائے اپنی کمر مضبوط کرنے پر توجہ دیں۔#

متعلقہ عنوان :