کھیلوں کی فیڈریشنز پر قبضے کی کوشش٬ کھیلوں سے وابستہ لوگ سراپا احتجاج٬عابد شیر علی کو جوڈو فیڈریشن کا صدر بنانے کا اعلان

منگل 25 اکتوبر 2016 20:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اکتوبر2016ء) پاکستان میں سپورٹس کا زوال اور وفاقی حکومت کی کھیلوں کی فیڈریشنز پر قبضے کی کوشش٬ کھیلوں سے وابستہ لوگ سراپا احتجاج۔وزیراعظم پاکستان کے بھانجے اور وفاقی وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی کو جوڈو فیڈریشن کا صدر بنانے کا اعلا ن کر دیا گیا جبکہ پہلے سے موجود فیڈریشن پاکستان سپورٹس بورڈ سے رجسٹرڈ بھی ہے٬ جس کے صدر پاک فوج کے کرنل جنید علم ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ایک طرف تو کھیلوں کا معیا ر دن بدن گرتا چلا جا رہا ہے تو دوسری طرف وفاقی حکومت اور انکے منظور نظر وزراء کا کھیلوں کی سرگرمیوں میں بڑھتا ہوا اثرورسوخ کھلاڑیوں اور کھیلوں سے وابستہ شخصیات کیلئے درد سر بن گیا ہے۔وفاقی حکومت کی کھیلوں کی فیڈریشنز پر قبضے کی کوششیں بڑھتی جا رہی ہیں٬ جس کیلئے متوازی سپورٹس فیڈریشنز بنانے کا عمل ایک بار پھر شروع کردیا گیا ۔

(جاری ہے)

پاکستان جوڈو فیڈریشن کے جعلی الیکشن کروا کر وفاقی وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی کو جوڈو فیڈریشن کا صدر بنانے کا اعلا ن کر دیا گیا۔پاکستان جوڈو فیڈریشن جو پاکستان سپورٹس بورڈ سے رجسٹرڈ ہے اور اس کے صدر پاک فوج کے کرنل جنید علم ہیں جو حال ہی میں صدر منتخب ہوئے تھے جبکہ اس فیڈریشن کے الیکشن دو ماہ قبل انٹرنیشنل جوڈو فیڈریشن کی نگرانی میںہوئے تھے اور بیرونی مبصرین نے ان انتخابات کو کافی سراہا تھا۔

جوڈو کی متوازی باڈی بنانے کیلئے وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض پیرزادہ کی حمایت لینے کی کوشش بھی کی جا رہی ہے۔ پاکستان سپورٹس بورڈ نے وزیر مملکت عابد شیر علی کی جوڈو فیڈریشن کو تسلیم کرنے سے انکار کر تے ہوئے کہا ہے کہ ہم اسی جوڈو فیڈریشن کو تسلیم کرتے ہیں جس کا الیکشن جوڈو کی عالمی تنظیم نے منعقد کروایا تھا۔ جوڈو سے وابستہ کھلاڑیوں نے کہا ہے کہ حکومتی مداخلت اور اس اقدام سے کھیلوں کی سرگرمیاں شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے جبکہ عالمی سطح پر بھی پاکستان کا مقام گرنے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے وزیراعظم پاکستان میاں نوازشریف سے نوٹس لینے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :