غذر٬ اینٹی اینکروچمنٹ آپریشن کا آغاز ٬ بڑے پیمانے پر تجاوزات کا خاتمہ

منگل 25 اکتوبر 2016 20:16

غذر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 اکتوبر2016ء)غذر میں ضلع کی تاریخ کے سب سے بڑے اینٹی اینکروچمنٹ آپریشن کا آغاز کردیا گیا٬اسسٹنٹ کمشنر پونیال اشکومن و ایڈ منسٹریٹر بلدیہ غذر نوید احمد کی زیرنگرانی بلدیہ فورس ٬محکمہ پی ڈبلیوڈی اور پولیس کی مشترکہ اینٹی انکرچمنٹ ٹیم نے غذر کی تاریخ کے سب سے بڑے اینٹی انکروچمنٹ آپریشن کا آغاز کردیا اس آپریشن میں بیس سال سے زیادہ پرانی روڈ زکو واگزار کرالیا گیا ہے اور غیر قانونی طور پر تعمیر کردہ درجنوں سے زیادہ مکانات ٬دیواریں ٬درختان٬مویشی خانے و دیگر تعمیرات کو گرادیا گیا ہے واضح رہے کہ یہ تجاوزات عرصہ دراز سے محکمہ پی ڈبلیوڈی کے بنائے ہوئے روڈ پر موجود تھیں اور کم ہونے کی بجائے ہر روز بڑھتی جارہی تھی ان تجاوزات کی وجہ سے گلی محلوں میں بڑی گاڑیوں بلخصوص فائر برگیڈ کا داخلہ ناممکن تھا اور کسی بھی وقت کسی بڑے حادثے کی صورت میں پورے کے پورا علاقہ آتشزدگی کی نظر ہوسکتا تھا ان تجاوزات کے خاتمے کا آغاز میونسپل ایریا روڈ تا گرلز کالج تک کیا گیا ہے اور اس روڈ پر تمام اقسام کی غیرقانونی تجاوزات مسمار کردی گئی ہیں ان تجاوزات کو گرائے جانے پر اہل علاقہ نے اظہار مسرت کیا ہے اور اسسٹنٹ کمشنر نوید احمد اور ان کی ٹیم کو خوب سراہا ہے۔