گلگت بلتستان کلرک ایسوسی ایشن نے پھر ہڑتال کر کے موجودہ حکومت کی ناکامی کا راز افشاکردیا

سینئر رہنما پی پی پی گلاب شاہ بلبل

منگل 25 اکتوبر 2016 20:16

غذر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 اکتوبر2016ء)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما گلاب شاہ بلبل نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ گلگت بلتستان کلرک ایسوسی ایشن نے ایک دفعہ پھر ہڑتال کر کے موجودہ حکومت کی ناکامی کا راز افشاکردیا ہے وزیراعلی گلگت بلتستان اور ان کے وزراء صرف اور صرف اخباری بیانات دیکر بیوروکرسی کے سامنے اپنی بے بسی ظاہر کیا ہے کیونکہ گلگت بلتستان میں وزیراعلی اور ان کی کابینہ کی ایک بھی بات نہیں مانی جاتی ہے کیونکہ وزیراعلی کے حکم کے مطابق کلرک کو مراعات دینے کی سفارش کی گئی تھی لیکن اس اہم فائل کو بیوروکرسی اپنی نظر وں میں نہیں لاتی کیونکہ مسلم لیگ نون کی حکومت بیوروکرسی کو اپنے ماتحت لانے میں ناکام ہوچکی ہے انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون کی حکومت سی پیک میں گلگت بلتستان کو حصہ دار بنانے میں ناکام ہوگئی ہے اس لیے پی پی پی یکم نومبر کو حق ملکیت اور حق حاکمیت اور سی پیک منصوبے میں جی بی کو حق دلانے کے لیے میں میدان میں نکلی ہے۔