مسلم لیگ (ق) شعبہ خواتین کی جانب سے کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقع کی مذمت

دشمن کے عزائم کو کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے ٬دہشت گردی کو شکست دینے کے لئے پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ ہے ٬ پاکستان مسلم لیگ شعبہ خواتین

منگل 25 اکتوبر 2016 20:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 اکتوبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ شعبہ خواتین نے کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سنٹر پردہشت گردی کے واقعہ پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن کے عزائم کو کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے ٬دہشت گردی کو شکست دینے کے لئے پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ ہے ۔ منگل کو اپنے ایک بیان میں مسلم لیگ شعبہ خواتین کی مرکزی صدر مسز فرخ خان سمیت دیگر خواتین نے کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سینٹر پر ہونے والے ہولناک حملے کے بارے میں کہا کہ دہشت گردوں کا کسی بھی مذہب سے کوئی تعلق نہیں ہوتا ٬ رات کے اندھیرے میں بزدلوں کی طرح حملہ کر کے نوجوانوں کو شہید کیا گیا ٬ گھنائونی کاروائی میں ملوث افراد کو عبرت کا نشانہ بناتے ہوئے پاکستان کے امن کو تباہ کرنے والوں کو شکست فاش دینے پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ ہے جوکہ ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کاروائیاں کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کامیابی کے ساتھ ضرب عضب آپریشن کی قیادت کی ہے جس کے باعث دہشت گردی کی کاروائیوں میں مجموعی طور پر کمی واقع ہوئی ہے تاہم مستقبل میں ایسے گھنائونے واقعات کو روکنے کے لئے بھی مسلح افواج اور سیکیورٹی ادارے بہتر حکمت عملی کے ساتھ جنگ لڑیں گے۔دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پاکستان نے بہت سے نقصانات اٹھائے ہیں تاہم بہت کامیابی کے ساتھ دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کو ختم بھی کیا گیا ہے اور دیگر باقی رہ جانے والے عسکریت پسندوں کو بھی صفحہ ہستی سے مٹا دیا جائے گا۔ مسز فرخ خان نے شہید ہونے والے اہلکاروں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کی اور شہدا کے بلندی درجات کی دعا بھی کی۔