جو بھی سیاسی پارٹی اور انتظامی سیٹ اپ اس مسئلے کو حل کرے گا٬وہ پاکستان کی بہت بڑ ی خدمت ہو گی‘شمائل احمد خواجہ

ہمیں ایک دوسرے کے تجربے سے سیکھنا چاہیے٬ اراضی کی ملکیت کے تنازعات اور اس حوالے سے تھانے کچہری میں کرپشن کا عام چلن اس وقت پورے ملک کا سب سے بڑا مسئلہ بن چکا ہے 2008 ء سے لے کر اب تک کی جمہوری حکومتوں نے ماضی سے کہیں زیادہ سیاسی بلوغت کا ثبوت دیا ہے٬جمہوریت ہر شعبے میں چیک اینڈ بیلنسز برقرار رکھنے کا نام ہے اور یہی وہ راستہ ہے جو ہمیں کامیابی سے ہمکنار کرے گا‘اے سی ایس

منگل 25 اکتوبر 2016 20:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2016ء) پاکستان پراونشل سروسز اکیڈمی پشاور میں نئے بھرتی ہونے والے تحصیلداروںکے تربیتی کورس کے شرکاء نے اکیڈمی کے سینئر فیکلٹی ممبر غلام شبیر اور ڈائریکٹر جنرل محترمہ نگہت مہروز کی قیادت میں سول سیکرٹریٹ لاہور کا مطالعاتی دورہ کیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری اے سی ایس پنجاب شمائل احمد خواجہ اور دیگر انتظامی سیکرٹریزکی جانب سے اس موقع پر دربار ہال میں مہمان وفد کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب اور پنجاب کے ریونیو سٹرکچر کے بارے میں بریفنگ کا اہتمام کیا گیا تھا۔

اے سی ایس شمائل احمد خواجہ نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کے تجربے سے سیکھنا چاہیے۔ اراضی کی ملکیت کے تنازعات اور اس حوالے سے تھانے کچہری میں کرپشن کا عام چلن اس وقت پورے ملک کا سب سے بڑا مسئلہ بن چکا ہے۔

(جاری ہے)

جو بھی سیاسی پارٹی اور انتظامی سیٹ اپ اس مسئلے کو حل کرے گا٬وہ پاکستان کی بہت بڑ ی خدمت ہو گی۔انہوں نے کہا کہ 2008 ء سے لے کر اب تک کی جمہوری حکومتوں نے ماضی سے کہیں زیادہ سیاسی بلوغت کا ثبوت دیا ہے۔

پاکستان کے وسیع تر مفاد میں ضروری ہے کہ سیاسی بلوغت کا یہ سلسلہ ٹوٹنے نہ پائے۔جمہوریت ہر شعبے میں چیک اینڈ بیلنسز برقرار رکھنے کا نام ہے اور یہی وہ راستہ ہے جو ہمیں کامیابی سے ہمکنار کرے گا۔پنجاب میں گزشتہ آٹھ سال کے دوران سوشیو کلچرل اور اکنامک پراسس کو درست سمت میں چلایا گیا ہے اور ان شاء اللہ اس طرز حکومت کے بہترین نتائج معاشرے پر مرتب ہوں گے۔

سیکرٹری بلدیات پنجاب محمد اسلم کمبوہ نے اس موقع پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یونین کونسل ٬تحصیل اور ٹائون کی سطح پر میونسپل سروسز کو ترقی دئیے بغیر ہم اپنے معاشرے کو صفائی ستھرائی اور رہنے سہنے کے انداز میں جدید دنیا کے برابر کھڑا نہیں کر سکتے۔وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کا یہی ویژن ہے کہ مقامی سطح پر منتخب بلدیاتی اداروں کو زیادہ سے زیادہ وسائل مہیا کئے جائیں۔

سیکرٹری سروسز پنجاب فرحان عزیز خواجہ نے صوبہ پنجاب اورخیبر پختونخوا کے انتظامی ڈھانچے کا تقابلی جائزہ پیش کیااور ریونیو ڈیپارٹمنٹ میں متعارف کرائی گئی اصلاحات میں پیش رفت سے بھی وفد کو آگاہ کیاجس کی بدولت پنجاب کے عوا م کو ’’فری فرد ڈسٹری بیوشن‘‘٬میوٹیشن کی ٹرانزیکشن اور ایشوز ٹریکنگ سسٹم کے ذریعے سہولت فراہم کی گئی ہے۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری شمائل احمد خواجہ نے وفد کو بتایا کہ پنجاب میں اربن لینڈ ریکارڈ سسٹم٬آٹو میشن آف گرداوری اور رائٹ ہولڈرزکی نیشنل قومی شناختی کارڈکے ذریعے انٹری کا سسٹم رائج کیا جارہا ہے۔وزیراعلی پنجاب کے خصوصی ویژن کے مطابق اگلے ڈیڑھ سال کے دوران پنجاب کے دیہی علاقوں اور خاص طور پر جنوبی اضلاع میں زیر تکمیل تمام ترقیاتی منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچا دئیے جائیںگے۔

سینئر فیکلٹی ممبر پاکستان پراونشل سروسز اکیڈمی پشاور غلام شبیر نے دربار ہال سول سیکرٹریٹ لاہور میں اپنی آمد کو اس حوالے سے خوش نصیبی قرار دیا کہ قیام پاکستان سے پہلے پنجاب لجسلیٹواسمبلی کا اجلاس اسی دربار ہا ل میں منعقد ہوتا تھا اور پاکستان کا تصور دینے والے عظیم فلسفی شاعر علامہ محمد اقبال نے بحیثیت ممبر اسی دربار ہال میں کسانوں کے حقوق سے متعلق جو معرکةالآراء تقریرکی تھی٬سروسز اکیڈمی پشاور نے اسے باقاعدہ کتابی شکل میں شائع کردیاہے۔

متعلقہ عنوان :