دریائے جہلم پرلنگڑوالا پل کی تعمیر کا فیصلہ ٬ پل کے ساتھ حفاظتی بند بنایا جائے گا

چیئرمین کابینہ فلڈ کمیٹی ملک ندیم کامران کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ٬ مقامی عوامی نمائندوں نے تائید کر دی

منگل 25 اکتوبر 2016 20:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2016ء)صوبائی وزیر عشرو زکوٰة و چیئرمین کابینہ فلڈکنٹرول کمیٹی ملک ندیم کامران نے کہا ہے کہ دریائے جہلم پر خوشاب اور سرگودھا کے درمیان واقع لنگڑوالا پل کی تعمیر پر مقامی ارکان اسمبلی کی مشاورت سے اتفاق رائے ہو گیا ہے اور اب اس بارے میں رپورٹ وزیراعلی کو فارورڈٖ کریں گے کہ ایک دیرینہ مسئلہ بہت اچھے طریقے سے حل ہوگیا ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار جی ایس اینڈ جی اے ڈی کمیٹی روم میں کیبنٹ فلڈکمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرصوبائی وزیر ملک محمد آصف بھاہ٬ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو جواد ملک رفیق٬٬ ایم این اے شجاع بلوچ٬ ایم پی اے ملک محمد وارث کلو٬ ٬ ڈی جی پی ڈی ایم اے خالد شیر دل٬چیف انجینئر سرگودھا زون٬ سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو٬کمشنر سرگودھا٬ڈی سی او لیہ٬ڈی سی او خوشاب٬ڈائریکٹر ہائیدرولکس محکمہ آبپاشی چوہدری غلام قادر اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔

(جاری ہے)

ملک ندیم کامران نے کہا کہ لنگڑ والا پر برج کی تعمیر کے حوالے سے قائم کمیٹی کی رپورٹ اجلاس کے شرکاکو پیش کردی گئی ہے جس کی روشنی میں مقامی ارکان اسمبلی نے پل کی تعمیر سے اتفاق کیا ہے ۔اجلاس میں محکمہ آبپاشی کی طرف سے دوران بریفنگ بتایا گیا کہ لنگڑ والا برج کے ساتھ ایک چھوٹا بند تعمیر کرکے وہا ں کی آبادی کو محفوظ رکھا جا سکتا ہے اور اس پر ایک ماڈل اسٹڈی جاری ہے۔

اجلاس میں موجود تمام متعلقہ لوگوں نے اس تجویز پسند کیا اور تمام شرکانے متفقہ طور پر اس فیصلہ سے اتفاق کیا ۔ملک ندیم کامران نے ڈی سی او لیہ کو ہدایت کی کہ وہ اپنے ضلع میں دریائے سندھ میں کٹائو کی وجہ سے جو بھی مسائل پیدا ہوئے ہیں وہ ان کو تحریری طور پر بھجوائیں تاکہ ہم ایریگیشن والوں کا موقف لیکر اس مسئلہ کو بھی حل کر سکیں۔ملک ندیم کامران نے مزید کہا کہ کابینہ کمیٹی برائے فلڈ کا اجلاس ایک ہفتہ کے بعد دوبارہ منعقد کیا جائے جس میں ڈی سی او لیہ ایک تفصیلی رپورٹ پیش کریں۔