حکمران ترکی سے دوستی کا دم بھرتے اور ترک حکومت کی تعریفیں کرتے ہیں ان کے اچھے طرز حکمرانی کو اپنانے کیلئے تیار نہیں‘راشد نسیم

ترک حکمرانوں کے اندر کرپشن کا شائبہ تک نہیں اور ان کا بڑے سے بڑا مخالف بھی ان پر کرپشن کا الزام نہیں لگا سکتا مگر ہمارے حکمرانوں کو کرپشن کے علاوہ کوئی کام ہی نہیں آتا٬ عوام کرپٹ حکمرانوں کو بچانے کیلئے کبھی سڑکوں پر نہیں آتے‘نائب امیر جماعت اسلامی

منگل 25 اکتوبر 2016 20:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2016ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہا ہے کہ حکمران ترکی سے دوستی کا دم بھرتے اور ترک حکومت کی تعریفیں کرتے ہیں مگر ان کے اچھے طرز حکمرانی کو اپنانے کیلئے تیار نہیں ٬ترک حکمرانوں کے اندر کرپشن کا شائبہ تک نہیں اور ان کا بڑے سے بڑا مخالف بھی ان پر کرپشن کا الزام نہیں لگا سکتا مگر ہمارے حکمرانوں کو کرپشن کے علاوہ کوئی کام ہی نہیں آتا٬ عوام کرپٹ حکمرانوں کو بچانے کیلئے کبھی سڑکوں پر نہیں آتے ٬یہی وجہ ہے کہ مشرف سمیت فوجی ڈکٹیٹروں کی آمد پر عوام مٹھائیاں بانٹتے رہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں ’’پاک ترک بھائی بھائی‘‘کے عنوان سے منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

تقریب کی صدارت نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے کی ۔راشد نسیم نے کہا کہ ترک عوام اپنے حکمرانوںپر جان چھڑکتے ہیں جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ فوجی بغاوت کو ناکام بنانے کیلئے ترک عوام فوجی ٹینکوں کے سامنے لیٹ گئے مگر ہمارے حکمران آج تک عوام کو وہ اعتما داور محبت حاصل نہیں کرسکے جس کی سب سے بڑی وجہ حکمرانو ں کی کرپشن ٬وی آئی پی کلچر٬ اسٹیٹس کو اور ظلم و جبر ہے جس کی چکی میں عوام پس رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ترک حکمران عوام میں گھل مل کر رہتے ہیں اور ہمارے حکمران عوام کواپنے قریب نہیں پھٹکنے دیتے ۔ترک حکمرانوں نے وی آئی پی کلچر اور کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا ہے جبکہ ہمارے حکمران اپنی کرپشن کو تحفظ دینے کیلئے کسی بھی حد تک جانے کیلئے تیار ہیں ۔راشد نسیم نے گزشتہ دنوں ترکی کے دس روزہ دورہ کے حوالے سے اپنے تاثرات بھی بیان کئے ۔تقریب سے حافظ محمد ادریس نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :