وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے کئی منصوبے شروع کر چکی ہے‘رفیق احمد رجوانہ

سی پیک کو مکمل کرنے کیلئے قومی اتحاد کی وقت کی ضرورت ہے٬دہشت گردی کے خاتمے کیلئے وزیر اعظم محمد نواز شریف کی سربراہی میں نیشنل ایکشن پلان تمام سیاسی جماعتوں کی حمایت کے بعد کیا جارہا ہے اور انشاء اللہ بہت جلد دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کرلیا جائے گا‘گورنر پنجاب

منگل 25 اکتوبر 2016 20:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2016ء) گورنر پنجاب رفیق احمد رجوانہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے کئی منصوبے شروع کر چکی ہے٬اس وقت قومی یکجہتی کی سخت ضرورت ہے ٬سی پیک کو مکمل کرنے کیلئے قومی اتحاد کی وقت کی ضرورت ہے٬دہشت گردی کے خاتمے کیلئے وزیر اعظم محمد نواز شریف کی سربراہی میں نیشنل ایکشن پلان تمام سیاسی جماعتوں کی حمایت کے بعد کیا جارہا ہے اور انشاء اللہ بہت جلد دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کرلیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دورہ مظفرگڑھ کے دوران ڈسٹرکٹ بار مظفرگڑھ سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔تقریب میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیش جج قیصر نذیر بٹ٬ صدر مظفرگڑھ بار ایسوسی ایشن سردار عبدالقیوم دستی٬ ممبر پنجاب بار کونسل جام یونس ٬ سید منصور شاہ ٬ سینئر وکلا میاں احسان کریم قریشی ٬ واجد نواز خان٬ ڈی سی او حافظ شوکت علی٬ ڈی پی او ملک اویس احمد اوروکلا کی کثیر تعداد تقریب میں موجود تھی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سانحہ کوئٹہ کے شہدا کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی اور اس دہشت گردی کے واقعہ پر گہرے رنج و غم کا اظہارکیا گیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ وکلاء پیشے کی طاقت٬ اخلاقیات کی طاقت ٬ سینئر کی ساتھ اچھے برتائو کی طاقت اور عدالت کے ساتھ اچھے برتائو کی طاقت کو ہتھیار بنائیں ٬ انہوں نے کہا کہ وکلا سوسائٹی کا طاقت ور طبقہ ہے ٬ سوسائٹی ہم سے رائے چاہتی ہے٬ ہماری طرف دیکھتی ہے٬ وکلا نے عدلیہ بحالی میں ہراول دستے کا کردار اداکیا٬ انہوں نے کہا کہ معاشرہ ہمیں احترام دیتا ہے٬ معاشرے میںکالے کوٹ کی عزت ہے ہم سوسائٹی کا رول ماڈل ہیں٬ انہوں نے کہا کہ معاشرہ وکلا کو طاقتور سمجھتا ہے مگر ہمارا امیج خراب کیوں ہے اس پر سوچنا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا کام مظلوموں کو انصاف دلانا ٬ عدل کا بول بالا کرنا ہے ٬ ہم انصاف کے علمبردار ہیں مگر تاثر خراب ہوتا جارہا ہے٬ وکلا صبر و تحمل سے کام لیں ٬ اصولوںکی پاسداری کریں پیشے کا معیار بہتر کریں جونیئر وکلامحنت کریں اور اس پیشے میں اپنا نام بنائیں۔اس موقع پر انہوںنے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے مطالبہ پر ڈسٹرکٹ بار میں لائبریری کے قیام کا اعلان کیا اور ڈی سی او شوکت علی کو بار کے دیگر مسائل کو حل کرنے کی ہدایت کی۔

بعد ازاں گورنر پنجاب رفیق احمد رجوانہ نے سرکٹ ہائوس مظفرگڑھ میں مسلم لیگی کارکنوں اور منتخب بلدیاتی نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محمد نواز شریف محب وطن ہیں٬ پاکستان کیلئے جیتے ہیں اور پاکستان کیلئے کام کررہے ہیں٬ انہوں نے کہا کہ صحت و تعلیم٬ بجلی اور سی پیک کے منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے ٬ ان منصوبوں کی تکمیل سے ملک خوشحال ہوگا اور عوام کا معیار زندگی بہتر ہوگا٬ انہوںنے کہا ہے مسلم لیگی کارکنان بلدیاتی انتخابات میں قیادت کے فیصلوں پر مکمل عمل کریں یہی جمہوریت کا تقاضا ہے ٬مقامی ایم پی اے حماد نواز ٹیپو ان کے ہمراہ تھے٬ اس موقع پر ضلعی صدر ارشد گدارہ ٬قدوس نواز٬ عبدالروف٬ اشتیاق احمد٬ نور عالم گجر٬ طارق شریف٬ معین خانزادہ سمیت لیگی کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی۔

متعلقہ عنوان :