وزیر اعظم نواز شریف کا آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور چوہدری نثار علی خان کے ہمراہ سنڈیمن سول ہسپتال کوئٹہ کا دورہ

پولیس ٹریننگ سنٹر پر دہشت گرد حملے میں زخمی ہونے والے کیڈٹس کی صحت دریافت کی

منگل 25 اکتوبر 2016 19:54

کوئٹہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2016ء) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف اور وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے ہمراہ منگل کو سنڈیمن سول ہسپتال کوئٹہ کا دورہ کیا اور وہاں پولیس ٹریننگ سنٹر پر دہشت گرد حملے میں زخمی ہونے والے کیڈٹس کی صحت دریافت کی۔وزیر اعظم نواز شریف نے اس موقع پر متعلقہ حکام کو زخمیوں کو تمام دستیاب طبی علاج اور سہولتیں فراہم کرنیکی ہدایت کی اور کہا کہ زخمیوں کے علاج پر آنے والے تمام اخراجات حکومت برداشت کریگی۔

سرجیکل اور آرتھوپیڈک وارڈز کے دورے کے موقع پر وزیر اعظم نے تمام پولیس کیڈٹس کی خیریت دریافت کی جو پیر کی شب ٹریننگ سنٹر پر خود کش حملوں میں زخمی ہوئے تھے۔وزیر اعظم کے ہمراہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف٬وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان٬گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی٬وزیر اعلی بلوچستان نواب ثنا اللہ خان زہری٬قومی سلامتی سے متعلق وزیر اعظم کے مشیر لیفٹننٹ جنرل (ر)ناصر خان جنجوعہ٬کامنڈر ساوتھرن کمانڈ لیفٹننٹ جنرل عامر ریاض٬صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی٬چیف سیکرٹری بلوچستان سیف اللہ چھٹہ٬آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل شیر افگن اور آئی جی پی بلوچستان احسن محبوب بھی تھے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم اور چیف آف آرمی سٹاف نے حملے میں زخمی ہونے ایک ایک کیڈٹ کی خیریت دریافت کی۔پروفیسر ڈاکٹر مسعود قاضی اور پروفیسر ڈاکٹر حمید اللہ خان پانیزئی کاکڑ نے وزیر اعظم اور آرمی چیف کو زخمیوں کی صحت کے بارے میں بریف کیا۔