میپکو میں ای آر پی کے نفاذ سے شعبوں کی کارکردگی میں بہتری آئے گی٬خالد مسعود خان

منگل 25 اکتوبر 2016 19:47

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اکتوبر2016ء) چیئرمین ہیومن ریسورس کمیٹی میپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز خالد مسعود خان نے کہا ہے کہ میپکو میں ای آر پی کے نفاذ سے شعبوں کی کارکردگی میں بہتری آئے گی اور وسائل کی بچت ہوگی ۔ میپکو حکام اور ای آرپی کنسلٹنٹ کے ساتھ اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر مسعود صلاح الدین ای آرپی پراجیکٹ کی فوری تکمیل کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھارہے ہیں جوکہ نہایت خوش آئند ہے اور اس سے کمپنی کی کارکردگی میں بہتری آئے گی ۔

اجلاس میں کمیٹی کو بتایاگیاکہ پراجیکٹ کے لئے ڈیٹاانٹری کا عمل تیزی سے جاری ہے ۔ پراجیکٹ کی تکمیل کے لئے پراجیکٹ ڈائریکٹر اور پراجیکٹ منیجر کی تقرری کی تجاویز زیر غور آئیں ۔

(جاری ہے)

چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر مسعود صلاح الدین نے کہا کہ میپکو کے لوگ نہایت باصلاحیت ہیں اور جلد ہی اس تبدیلی کو قبول کرکے کام میں بہتری لائیں گے ۔ میپکو کے کنسلٹنٹ نے اس پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی ۔

اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیاگیاکہ اس پراجیکٹ پر کام کرنے والے اہلکاروں کو اعزازیہ بھی دیاجائیگا ۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ہیومن ریسورس محمد نعیم اللہ٬ چیف انجینئر پلاننگ کیپٹن (ر) سرفرازاحمد خان٬ ایڈیشنل ڈی جی آئی ایس میاں ندیم احمد٬ فنانس ڈائریکٹر امتیازاحمد جگری٬ منیجر ایچ آر ایم لیاقت میمن٬ کمپنی سیکرٹری ساجد یعقوب انصاری٬ ڈپٹی منیجر ایچ آر ایم وقاص مسعود چغتائی٬ اسسٹنٹ ڈائریکٹر کمپیوٹر طاہر مفتی نے شرکت کی ۔