کوئٹہ٬پاکستان ورکرز کنفیڈریشن کی جانب سے پولیس ٹریننگ سینٹر حملے کی شدید مذمت

منگل 25 اکتوبر 2016 19:46

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اکتوبر2016ء) پاکستان ورکرز کنفیڈریشن بلوچستان (رجسٹرڈ) کے صدر محمد رمضان اچکزئی٬ چیئرمین خان زمان٬ جنرل سیکریٹری عبدالمعروف آزاد٬سینئر نائب صدر ضیاء الرحمن ساسولی ٬ نائب صدرحاجی عزیز اللہ٬وائس چیئرمین بشیر احمد رند ٬ سیکریٹری نشر و اشاعت عابد بٹ اور دیگر نے ایک مشترکہ اخباری بیان کے ذریعے پولیس ٹریننگ سینٹر سریاب روڈ کوئٹہ میں61 نوجوان ٹرینی پولیس اہلکاروں کو بے دردی سے شہید کرنے اور 130 کے قریب نوجوانوں کو زخمی کرنے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے میں ملوث لوگ انسان ہیں نہ ہی مسلمان اورصوبہ بلوچستان میں یہ حملہ ملک دشمنوں کی طرف سے ہے۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں جگہ اور زخمیوں کو جلد صحتیابی نصیب کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارے ملک کواندرونی اور بیرونی خطرات کا سامنا ہے اور نااہل اور کرپٹ حکمران طبقے نے حالات کو بہتر بنانے کی بجائے ایسے مسائل پیدا کر دیئے ہیں جس کی وجہ سے ملک بحرانی کیفیت میں مبتلا ہو چکا ہے عام شہریوں کی زندگیاں غیر محفوظ ہیںاور صوبے میں 08 اگست کے سانحے کے بعد 24 اکتوبر کے سانحے نے بھی پر امن شہریوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے 98 فیصد شہری اپنے ملک اور صوبے میں ہم آہنگی اور محبت کے رشتے سے رہنے کے عزم پر پختہ یقین رکھتے ہیں لیکن بیرونی آقائو ں کے ایجنٹ اور اندرونی خلفشار سے فائدہ اٹھانے والے عناصر سے باز پرس نہ ہونے کی وجہ سے امن تباہ ہو رہا ہے ملک بالخصوص صوبہ بلوچستان میں انصاف ناپیدہو چکا ہے ٬ کرپشن اور بدانتظامی عروج پر ہے جبکہ آبادی کی اکثریت زندہ رہنے کے حق سے محروم ہوتی چلی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کی سیاسی قیادت اور بیوروکریسی بہتر گورننس قائم رکھنے میں ناکام ہے او ر غریب و محنت کش طبقے کے مسائل کے حل کیلئے بیوروکریسی تک رسائی ناممکن بنا دی گئی ہے حکمران طبقے نے اپنی سیکورٹی کے انتظامات سرکاری اورذاتی گارڈز کے ذریعے کرلیے ہیں جبکہ عام شہریوں اورمحنت کشوں کی زندگیاں ہروقت خطرے کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مل کر اپنے ملک کے خلاف اندرونی اور بیرونی سازشوں کا مقابلہ اتحاد اور اتفاق سے کرنا چاہیے اور جو عناصر کسی بھی بنیاد پر امن کو اپنے مذموم مقاصد کیلئے تہہ و بالا کرنے پر تلے ہوئے ہیں ان کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا چاہیے۔

انہوں نے ان پے درپے واقعات کے شہیدوں کی بھرپور مالی مدد کرنے ٬ ان کے بچوں کو زندہ رہنے کیلئے وسائل دینے اور ان واقعات میں ملوث اندرونی و بیرونی عناصر کی نشاندہی کر کے انہیںعبرتناک سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے پورے ملک میں انصاف٬ احتساب اور بہتر گورننس کے قیام پر زور دیا او ر امن کی بحالی کیلئے کوششوں کو تیز کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

متعلقہ عنوان :