کو ئٹہ ٬پولیس ٹریننگ سینٹر میں دہشت گردوں کے حملے کیخلاف شیعہ علماء کونسل کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیاگیا

منگل 25 اکتوبر 2016 19:37

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2016ء)شیعہ علماء کونسل نے کو ئٹہ میں پولیس ٹریننگ سینٹر میں دہشت گردوں کے حملے اور اس نتیجے میں 60سے زائد قیمتی جانوں کے ضیاع کے خلاف منگل کو کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرے کی قیادت کونسل کے نائب صدریعقوب شہباز اور پولیٹیکل سیکرٹری علامہ کرم الدین واعظی کر رہے تھے ۔

مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے ۔

(جاری ہے)

مظاہرین کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سینٹر میں60سے زائد جوانوں کی شہادت ناقابل تلافی نقصان ہے ٬دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے خلاف کاروائی کے بغیر ملک میں امن قائم نہیں ہوسکتا٬ دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ عاشور پر کربلا جانے والے زائرین ایران کے راستے کوئٹہ پہنچ رہے ہیں ٬ بلوچستان حکومت کو چاہیے کہ موجودہ حالات میں زائرین کی سیکورٹی کے مزید بہتر انتظامات کرے ۔

مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کراچی آپریشن کی طرز ملک بھر میں بلا تفریق آپریشن کیا جائے ٬ ٹرینگ سینٹر حملہ میں ملوث عناصر کو بے نقاب کیا جائے ٬ سانحہ کے شہداء کے لواحقین کو امدادی رقوم اور زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔