کوئٹہ پولیس ٹریننگ سینٹر پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے پرایم کیوایم (پاکستان ) کے کنوینر ڈاکٹر فاروق ستارکی مذمت

دہشت گردوں کے حملے میں متعدد پولیس کیڈٹ ٬ اہلکاروں اور افسران کی شہادت قومی سانحہ ہے جس پر پوری قوم سوگوار ہے٬ ڈاکٹر فاروق ستار

منگل 25 اکتوبر 2016 19:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2016ء) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) کے کنوینر ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سینٹر پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور حملے میں متعدد پولیس کیڈٹ اور افسران کے شہید اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک مذمتی بیان میں ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاکہ کوئٹہ پولیس ٹریننگ سینٹر پر سفاک دہشت گردوں کا حملہ ایک بڑی کاروائی اور کھلی دہشت گردی ہے اور دہشت گردوں کے حملے میں متعدد پولیس کیڈیٹ ٬ اہلکاروں اور افسران کی شہادت قومی سانحہ ہے جس پر پوری قوم سوگوار ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سینٹر پر بدترین دہشت گردی کے بعد نیشنل ایکشن پلان کو مزید سخت ٬ موثر ٬ مربوط اور بلاتفریق کرنے کی ضرورت ہے تاکہ بچے کچے دہشت گردوں کی کمر توڑی جاسکے اور ملک بھر سے انسانیت سے عاری درندہ صفت دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ کرکے قوم کے ایک ایک فرد کی زندگیوں کو تحفظ دیا جاسکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کوئٹہ پولیس ٹریننگ سینٹر پر دہشت گردی کی کاروائی نیشنل ایکشن پلان کو دوبارہ سے ترتیب دینے کا تقاضا کررہی ہے اور قومی سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو نیشنل ایکشن پلان میں عملی طور پر شامل کئے بغیر دہشت گردی کے خاتمے کی امید رکھنا ملک و قوم کو دھوکہ دینے کے مترادف ہوگا ۔

انہوں نے دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے پولیس کیڈٹ ٬ اہلکاروں اور افسران کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ٬ سوگواران کو صبرجمیل عطا کرے اور زخمیوں کو جلد ومکمل صحت و تندرستی عطا فرمائے ۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے وزیراعظم نواز شریف ٬ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف ٬ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار اور وزیراعلیٰ بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ کوئٹہ پولیس ٹریننگ سینٹر پر حملے میں ملوث دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کا فی الفور قلع قمع کیاجائے اور نیشنل ایکشن پلان کی خامیوں کو دور کرکے ملک و قوم کا دفاع مضبوط اور مستحکم بنایاجائے ۔