پولیس ٹریننگ سنٹر پر دہشتگرد حملے میں شہید 50سے زائد اہلکاروں کی اجتماعی نماز جنازہ ادا٬ وزیراعظم ٬آرمی چیف ٬وزیرداخلہ ٬وزیراعلیٰ بلوچستان اور دیگر کی شرکت

شہداء کے جسدخاکی ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کردئیے گئے

منگل 25 اکتوبر 2016 19:32

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 اکتوبر2016ء) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر واقع پولیس ٹریننگ سینٹر پر دہشت گرد وں کے حملے میں شہید ہونیوالے 50سے زائد اہلکاروں کی اجتماعی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ٬نماز جنازہ میں وزیراعظم نوازشریف ٬آرمی چیف جنرل راحیل شریف ٬وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان ٬وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی امورناصر جنجوعہ ٬ڈی جی آئی ایس آئی ٬وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری سمیت اعلیٰ حکو متی وسو ل آفیسران نے شرکت کی ٬نماز جنازہ کے بعد شہدائ کے جسدخاکی ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کردئیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق سانحہ پولیس ٹریننگ سنٹر کے 50سے زائد شہدا ئ کی اجتماعی نماز جنازہ موسیٰ اسٹیڈیم میں ادا کرد ی گئی۔

(جاری ہے)

نمازجنازہ میں وزیراعظم نوازشریف٬وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان٬وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی امور ناصر خان جنجوعہ ٬آرمی چیف جنرل راحیل شریف٬ ڈی جی آئی ایس آئی رضوان اختر ٬ڈی جی ایم آئی٬ گورنر و وزیراعلی بلوچستان سمیت اعلیٰ عسکری و سیاسی قیادت نے شرکت کی۔

بعدازاں شہداء کے جسدخاکی ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئی ٬شہداء میں کوئٹہ کے علاوہ تربت ٬لورالائی ٬قلعہ عبداللہ ٬سبی ٬ہرنائی ٬پنجگور ٬گوادر ٬پشین ٬پسنی ٬خضد ار ٬مستونگ ٬ڈیرہ بگٹی اور سوئی کے جوان شامل ہیں تاہم سب سے زیادہ زیرتربیت پولیس اہلکاران میں سے 19کا تعلق تربت اور12کا پنجگور سے بتایاجارہاہے۔واضح رہے کہ پیر اور منگل کی درمیانی شب کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر واقع پولیس ٹریننگ سنٹر پر تین دہشتگردوں نے حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں زیر تربیت 61اہلکار شہید جبکہ 124سے زائد زخمی ہوئے تھے۔(خ م)