بلوچستان کے عوام پرامن٬ محب وطن اور پاکستان کی خاطر ہر قربانی دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں٬ کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سنٹر میں ہونیوالا حملہ انتہائی افسوسناک ہے٬ بلوچستان کی ترقی و خوشحالی پاکستان کی ترقی و خوشحالی ہے٬سابق صدر مملکت و چیئرمین نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ ودیگر کا اجلاس سے خطاب

منگل 25 اکتوبر 2016 19:32

لاہور۔25 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2016ء) بلوچستان کے عوام پرامن٬ محب وطن اور پاکستان کی خاطر ہر طرح کی قربانی دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں٬ صوبہ کے حالات خراب کرنے میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے اوریہ عناصر پاکستان کو خوشحال نہیں دیکھنا چاہتے ٬ کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سنٹر میں ہونیوالا حملہ انتہائی افسوسناک ہے اوراس کے نتیجہ میں ہونیوالی قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہیں٬ان خیالات کااظہارسابق صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان و چیئرمین نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان میںٹرسٹ کے وفد کے دورہٴ کوئٹہ کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا٬ اجلاس میں کوئٹہ پولیس ٹریننگ سنٹر میں ہونیوالے حملہ میں شہید ہو نیوالے اہلکاروں کے بلندئ درجات اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی گئی٬ محمد رفیق تارڑ نے کہا کہ بلوچستان میں حالات ایسے نہیں ہیں جیسے ہمارا دشمن پراپیگنڈہ کرتا ہے٬ بلوچستان کے عوام اتنے ہی محب وطن ہیں جتنے ہم ہیں٬ ہمیں ان سے اپنے رابطے مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے٬وہاں کے لوگوں میں کوئی تعصب نہیں ہے٬ کوشش ہے ہم کوئی ایسا کام کر جائیں جس سے پاکستان مستحکم و خوشحال ہو٬ انہوں نے کہا کہ تحریک پاکستان اور بعدازاں ملکی تعمیر وترقی میں بلوچستان کے عوام نے اپنا کردار ادا کیا ہے٬ہم اپنے اتحاد و یکجہتی کے ذریعے دشمنوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیں گے٬ اگرچہ ماضی میں بلوچستان کی تعمیر و ترقی پر زیادہ توجہ نہیں دی گئی جس کے باعث کچھ مخصوص مفادات رکھنے والے حلقوں نے بلوچوں کو اپنے مذموم مقاصد کیلئے استعمال کرنے اور پاکستان کی نظریاتی اساس کو کمزور کرنے کی کوشش کی مگر بلوچستان کے عوام نے جن کے بزرگوں نے قیام پاکستان کے موقع پر قائداعظمؒ کا ساتھ نبھا کر جدوجہد آزادی کو پایہ تکمیل تک پہنچایا تھا‘ ان سازشوں کو ناکام بنا دیا اور وہ آج بھی اسی طرح پاکستان سے محبت کرتے ہیں جس طرح ان کے بزرگوں نے کی تھی٬ڈاکٹر رفیق احمد نے کہا کہ بلوچستان ہمارے ملک کا ایک صوبہ ہے اور اس خطہ کو اللہ تعالیٰ نے ہر طرح کے وسائل سے نواز رکھا ہے٬میاں فاروق الطاف نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے تحریک پاکستان میں نمایاں کرادا ادا کیا تھا وہاںکے عوام میں نظریہٴ پاکستان کو اور زیادہ مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے٬جسٹس (ر) خلیل الرحمن نے کہا کہ ماضی میں ہم نے بلوچستان کے عوام کے ساتھ اس طرح مضبوط روابط قائم نہیں کیے جس کی ضرورت تھی٬افتخار علی ملک نے کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک کے اساسی نظریہ کو فروغ دیا جائے٬چودھری نعیم حسین چٹھہ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام محب وطن ہیںہمیں بلوچ عوام کے ساتھ اپنے روابط مزید بڑھانا چاہئیں٬ بیگم صفیہ اسحاق نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی و خوشحالی پاکستان کی ترقی و خوشحالی ہے٬ڈاکٹر پروین خان نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ باہمی میل ملاپ کو کوئٹہ سمیت پورے بلوچستان میں پھیلایا جائے٬اس موقع پر شاہد رشید نے دورہ ٴکوئٹہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔