وزارت داخلہ اور نادرہ حکام خیبر پختونخوا سے سوتیلی ماں کا سلوک بند کر دیں ٬عنایت اللہ خان

اسلام آباد کی طرف خیبر پختونخوا کے غیور عوام لانگ مارچ کرینگے جسکی تمام تر ذمہ داری وزارت داخلہ اور نادرہ پر عائد ہو گی٬سینئروزیرخیبرپختونخوا

منگل 25 اکتوبر 2016 19:22

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2016ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات عنایت الله نے وزارت داخلہ اور نادرہ حکام کو خبر دار کیا ہے کہ وہ خیبر پختونخوا سے سوتیلی ماں کا سلوک بند کر دیں اور لاکھوں پختونوں کے بلاک شدہ شناختی کارڈوں کو فی الفور بحال کردیں بصورت دیگر دارلحکومت اسلام آباد کی طرف خیبر پختونخوا کے غیور عوام لانگ مارچ کریں گے جسکی تمام تر ذمہ داری وزارت داخلہ اور نادرہ پر عائد ہو گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تنگی ضلع چارسد ہ میں ایک شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر علاقے کے ممتاز شخصیت حاجی عبدالغفار نے اپنے خاندان سمیت جماعت اسلامی میں غیر مشروط پر شمولیت کا اعلان کیا۔شمولیتی جلسے میں ضلعی آمیر مصباح الله٬ ضلع نائب ناظم حاجی مصور شاہ٬ محمد الیا س خان٬ سابق ایم پی اے ارشد خان٬ سابق تحصیل ناظم حاجی ابراہیم٬مولانا عبدالمستان اور موسیٰ خان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

عنایت الله نے کہا کہ صوبے کے عوام محض شناختی کارڈ کی بحالی کیلئے گزشتہ کئی ماہ سے نادرہ کے دفاتر کے سامنے خوار ہو رہے ہیں اور جماعت اسلامی عوام کی یہ تذلیل ہر گز برداشت نہیں کر ے گی۔انہوں نے کہا کہ صرف شناختی کارڈ بلاک ہونے کی وجہ سے عام لوگ ذہنی اذیت و کوفت سے گزر رہے ہیں حتی کہ امسال پختونخوں کی ایک بڑی تعدا د شناختی کارڈ بلاک ہونے کی وجہ سے حج کی سعادت سے بھی محروم رہے۔

سینئر صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پڑھے لکھے نوجوان شناختی کارڈ بلاک ہونے کے باعث ملازمتوں کیلئے درخواستیں بھی نہیں دے سکتے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام سے روا کی گئی یہ ناانصافی ہر گز برداشت نہیں کرے گی۔عنایت الله نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک باوصول ٬منظم ٬جمہوری اور اسلامی اقدار پر مکمل یقین رکھنے والی سیاسی جماعت ہے اور انشائلله آئندہ عام انتخابات میں باشعور عوام جماعت اسلامی کو بھاری مینڈیٹ دینگے۔سینئر صوبائی وزیر نے اس امر پر بھی افسوس کا اظہار کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے باوجوداردو کو دفتری زبان تسلیم نہیں کیا جارہا ۔انہوں نے کہا کہ اردو عام لوگوں کی زبان ہے اور اسے نہ رائج کرنے والوں کے خلاف سپریم کورٹ کو سوموٹو ایکشن لینا چاہئے۔

متعلقہ عنوان :