شیریں مزاری نے خود کو ٹریکر ٹرالی کہنے پر خواجہ آصف کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں انٹرا کورٹ اپیل دائر کر دی

عدالت عالیہ کے سنگل بینچ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے ٬ْدرخواست میں استدعا

منگل 25 اکتوبر 2016 19:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2016ء)پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے پارلیمنٹ اجلاس میں خود کو ٹریکٹر ٹرالی کہنے پر وزیر دفاع خواجہ آصف کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں انٹرا کورٹ اپیل دائر کر دی۔ منگل کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی گئی اپیل میں استدعا کی گئی کہ عدالت عالیہ کے سنگل بینچ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

(جاری ہے)

شیریں مزاری کے وکیل نے موقف اپنایا ہے کہ یہ ہتک عزت کا معاملہ ہے اور خواجہ آصف نے خاتون رکن قومی اسمبلی کی ذات پر حملہ کیا۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ اسپیکر قومی اسمبلی کو خواجہ آصف کے خلاف انضباطی کارروائی عمل میں لانے کا حکم دیا جائے اور وزیر دفاع کو اسمبلی رکنیت کے لیے نااہل قرار دینے کا معاملہ الیکشن کمیشن بھجوانے کا بھی حکم دیا جائے۔درخواست گزار شیریں مزاری نے موقف اپنایا کہ لیگی رکن قومی اسمبلی خواجہ آصف نے قومی اسمبلی اجلاس میں ان کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے۔درخواست گزار کا کہنا تھا کہ یہ الفاظ ٹی وی چینلز پر نشر ہوئے اور اس کی وڈیوز سوشل میڈیا پر بھی دستیاب ہیں۔