صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی کی جماعت اہلسنّت کے مرکزی ناظم اعلی سے ملاقات

منگل 25 اکتوبر 2016 19:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اکتوبر2016ء)جمعیت علماء پاکستان کے سیکرٹری جنرل صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے ادارہ تعلیمات اسلامیہ میں جماعت اہلسنّت کے مرکزی ناظم اعلی علامہ سید ریاض حسین سے ملاقات کی اور ملکی حالات ٬ اتحاد اہلسنّت اور اہل سنت کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر سید ریاض حسین شاہ نے شاہ محمد اویس نورانی کو 29اکتوبر کو ہونیوالے پاکستا ن زندہ باد کنونشن میں شرکت کی دعوت بھی دی جسے انہوں نے قبول کرلیا ۔

سید ریاض حسین شاہ نے کہا کہ ملک کی تقدیر بدلنے کیلئے نفاذ نظام مصطفی ضروری ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان میں سیکولر ازم کے عالمی ایجنڈے کی مزاحمت جاری رہے گی۔ پاکستان کا اسلامی تشخص ختم نہیں ہونے دیں گے۔ صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا کہ سیاست دان سیاست کی بجائے ریاست کی فکر کریں۔ محب وطن قوتوں کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ملک اس وقت محاذ آرائی کی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ قانون ناموس رسالت میں کسی قسم کی کو ئی تبدیلی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ایمان اور قر آن کی قوت سے پاکستا ن کو مضبوط بنایا جاسکتا ہے۔ ملاقات کے دوران سنی فائونڈیشن برطانیہ کے صدر عمران چوہدری٬ محمد نواز کھرل٬ مفتی لیاقت علی٬ علامہ رضوان انجم اور دوسرے علماء بھی موجود تھے۔