حکومت کے خلاف فائنل میچ شروع ہو چکا ہے٬ اب پانامہ زدہ حکمرانوں کے خلاف دما دم مست قلندر ہوگا‘صاحبزادہ حامدرضا

منگل 25 اکتوبر 2016 19:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2016ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ کرپٹ حکومت کی گرتی دیوار کو آخری دھکا دینے کا وقت آگیا ہے٬ حکومت کے خلاف فائنل میچ شروع ہو چکا ہے٬ اب پانامہ زدہ حکمرانوں کے خلاف دما دم مست قلندر ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں پاکستان مسلم لیگ ق ٬ تحریک انصاف ٬ پاکستان عوامی تحریک اور مجلس وحدت المسلمین کے رہنمائوں کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

تحریک انصاف کے خلاف کریک ڈائون ہوا تو خاموش نہیں رہیں گے۔ سنی اتحاد کونسل نے تحریک انصاف کے رابطوں کے بعد دھرنے میں شرکت کرنے یا نہ کرنے کے بارے میں مشاورت شروع کردی ہے اور کارکنوں کو دھرنے میں شرکت کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کردی ہے۔

(جاری ہے)

حکمرانوں کا غیر لچکدار رویہ سیاسی بحرانوں کے حل میں رکاوٹ ہے۔ سیاسی عدم استحکام کے خاتمے کی چابی حکومت کے پاس ہے۔

نااہل حکومت اپنی ناکامیاں چھپانے کیلئے شہید بننا چاہتی ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ سیاسی کارکنوں کی گرفتاریاں ہو ئیں تو حالات کی خرابی کی ذمہ دار حکومت ہو گی۔ حکومت سیاسی آزادیوں کو پامال نہ کرے۔ کرپٹ حکمرانوں سے نجات کی کوششیں جہاد کا درجہ رکھتی ہیں۔ نواز حکومت کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے۔ تحریک انصاف کے احتجاج میں حکومت رکاوٹیں ڈالنے سے باز رہے۔

متعلقہ عنوان :