Live Updates

تحریک انصاف کے لاک ڈاؤن اسلام آباد میں عوا می تحریک کی شمولیت خوش آئند ہے ‘عبدالعلیم خان

حکومتی کشتی میں سوراخ ہو چکے٬ڈوبتا ہوا ٹائی ٹینک حکمرانوں کو مزید سرپرائز دے گا ‘کارکنوں سے گفتگو

منگل 25 اکتوبر 2016 19:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2016ء) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے لاک ڈاؤن اسلام آباد میں عوامی تحریک کی شمولیت خوش آئند امر ہے انشاء اللہ 2نومبر سے پہلے مزید سیاسی جماعتیں بھی عمران خان کا ساتھ دیں گی ٬حکومتی کشتی میں کئی ایک سوراخ ہو چکے ہیں اور حکومت کا ڈوبتا ہوا ٹائی ٹینک حکمرانوں کو مزید سرپرائز دے گا ۔

عبدالعلیم خان نے پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی حالات سخت ترین سیاسی بحران کی نشاندہی کر رہے ہیں خود حکومتی صفوں میں بے چینی پائی جاتی ہے اور غیر جانبدار مبصرین اور میڈیا اس تمام تر صورتحال کا ذمہ دار وزیر اعظم کو قرار دے رہا ہے لیکن حکمران کمال ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جان بوجھ کر آنکھیں بند کیے بیٹھیں ہیں ۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے کہا کہ میاں نواز شریف کو قوم کو سچ بتانا چاہیے کہ وہ کیوں پاناما لیکس کے معاملے پر اپوزیشن کے ٹی اوآرز نہیں مان رہے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے حکمرانوں کو بہت مہلت دی لیکن دل میں چورہونے کے باعث مثبت جواب نہیں دیا گیا اور اب نوبت 2نومبر کے لاک ڈاؤن اسلام آباد کی طرف بڑھ رہی ہے اور اب بھی موقع ہے نواز شریف استعفے یا تلاشی میں سے ایک آپشن اختیار کر لیں عبدالعلیم خان نے کہا کہ تحریک انصاف ابھی نہیں تو کبھی نہیں کی بنیاد پرباہر نکل رہی ہے اور پی ٹی آئی کا کارکن 2نومبر کو اسلام آباد پہنچے گا ۔

دریں اثناء عبدالعلیم خان کی ہدایت پر لاہور سے ممبر صوبائی اسمبلی شعیب صدیقی کی سربراہی میں تحریک انصاف کی خصوصی ٹیم اسلام آباد کیلئے روانہ ہو گئی جس میں سابق وزیر ڈاکٹر سہیل ظفر چیمہ ٬ پی ٹی آئی کے رہنما جمشید اقبال چیمہ ٬میاں یامین ٹیپو ٬ مسرت جمشید٬ فرخ جاوید مون ٬ شوکت بھٹی اور نذیر چوہان ان کے ہمرا ہ ہیں ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :