سینٹ خصوصی کمیٹی کا خیبر پختونخوا حکومت کی سفارشات میں تاخیر پر اظہار تشویش٬چیف سیکرٹری سے ایک ہفتے میں تحریری رپورٹ طلب

منگل 25 اکتوبر 2016 18:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اکتوبر2016ء) سینٹ خصوصی کمیٹی نے خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے سفارشات میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چیف سیکرٹری خیبر پختونخواایک ہفتے میں تحریری رپورٹ طلب کر لی ہے ٬صوبائی حکومت کی جانب سے صوبائی حکومت خیبر پختونخوا کے 24 مطالبات کے حوالے سے تشکیل دی جانے والی سپیشل کمیٹی کا اجلاس کنونیئر کمیٹی سینیٹر سید مظفرحسین شاہ کی صدارت میں پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا اس موقع پر کنونیئر کمیٹی سید مظفر حسین شاہ نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ نے چیرمین سینٹ سے ملاقات کے دوران انہیں وفاقی حکومت سے متعلق اپنی24 مطالبات منظور کرانے میں مدد کی درخواست کی تھی جس پر چیرمین سینٹ نے مطالبات کا جائزہ لینے کیلئے متعلقہ کمیٹیوںکو بھجوائے تھے قائمہ کمیٹیوں نے ان مطالبات کی رپورٹ پیش کی جس پر چیئرمین سینیٹ نے عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس مقصد کیلئے سپیشل کمیٹی تشکیل دی انہوںنے کہاکہ سپیشل کمیٹی نے وفاقی حکومت ٬ صوبائی حکومت اور متعلقہ اداروں سے مل کرسفارشات مرتب کیں تو سینیٹر نعمان وزیر نے خیبر پختونخوا ہ حکومت کی جانب سے پیش کئے جانے والے کچھ سفارشات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اس پر نظر ثانی کی درخواست کی جس پر سپیشل کمیٹی نے صوبائی حکومت کو سفارشات کا جائزہ لے کر جواب فراہم کرنے کی ہدایت کی مگر ابھی تک جواب موصول نہیں ہوئے ہیں انہوںنے کہاکہ سپیشل کمیٹی کو چیرمین سینٹ کی جانب سے جو وقت دیا گیا تھا اس میں ایک بار توسیع ہوچکی ہے اور اب مذید توسیع نہیں ہوسکتی ہے جس پر چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے کمیٹی کو درخواست کی کہ سینیٹر نعمان وزیر کی جانب سے تحفظات پر صوبائی حکومت کو جواب دینے کیلئے ایک ہفتے کی مہلت دی جائے اراکین کمیٹی نے چیف سیکرٹری کو ایک ہفتے کے اندر سفارشات جمع کرانے کی ہدایت کر دی تاکہ اگر سفارشات میں کوئی مسئلہ ہو تو متعلقہ اداروں کے ساتھ حل کیا جا سکے اس موقع پر وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے گیس کے سلسلے میں جو مطالبات پیش کئے گئے تھے وزارت نے ان کے بارے میں سفارشات کمیٹی کو بھجوائی ہیں جسے کنوینیر کمیٹی نے رپورٹ کا حصہ بنانے کی ہدایت کی ۔

۔۔۔۔ اعجاز خان