انسانیت کی فلاح اورنجات کاواحد راستہ اسلامی تعلیمات پرعمل پیرا ہونے میں ہے٬محمد یوسف

منگل 25 اکتوبر 2016 18:48

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اکتوبر2016ء)پاکستان کے معروف کرکٹر محمد یوسف نے کہاہے کہ انسانیت کی فلاح اورنجات کاواحد راستہ اسلامی تعلیمات پرعمل پیرا ہونے میں ہے۔ آج وطن عزیز اورپوری انسانیت کوجن چیلنجز کاسامنا ہے ان سے نبرد آزما ہونے کے لئے ہمیں قرآن وسنت کی تعلیمات کو اپنانا ہوگا۔ وہ کے ایم یو انسٹی ٹیوٹ آف فزیکل میڈیسن اینڈ ری ہیبی لیٹیشن(آئی پی ایم اینڈ آر) میں طلباء وطالبات اورفیکلٹی سے خطاب کررہے تھے جبکہ ا س موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرمحمد حفیظ اللہ کے علاوہ ڈائریکٹر اکیڈیمکس پروفیسر ڈاکٹر محمد الیاس سعیدی٬ ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر ضیاء الحق٬ ڈائریکٹر آئی بی ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر جواد احمد اور آئی پی ایم اینڈآر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر حیدر دارین بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

محمد یوسف نے کہا کہ اسلام کی بنیاد مضبوط عقیدے اور کلمہ توحید پراستوار ہے جبکہ نماز اسلام کابنیادی ستون اور دنیا وآخرت کی بھلائی کاذریعہ ہے۔انہوں نے طلباء وطالبات پرزوردیا کہ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کے ساتھ کچھ نہ کچھ دین اسلام کی خدمت اوردعوت وتبلیغ کو بھی دینا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ جب تک مسلمان اسلامی تعلیمات پرعمل پیرا رہے تب تک وہ دنیا کے حکمران رہے اور انہونے مشرق ومغرب پرحکومت کی لیکن جب انہوں نے اسلامی تعلیمات کو چھوڑ دیا تو وہ نہ صرف زوال کاشکار ہوئے بلکہ اللہ تعالیٰ نے ان پر دوسری قوموں کو مسلط کرکے ان کو انکے کئے کی سزا دی۔

محمد یوسف نے کہاکہ ہمیں اپنی زندگیاں قرآن وسنت نبویﷺ کے مطابق بنانے کے لئے جہاں اسلام کی بنیادی تعلیمات کو سیکھنا ہوگا وہاں اللہ تعالیٰ کاپیغام دوسروں تک پہنچانے کے لئے اپنی24گھنٹے کی زندگی میں کچھ نہ کچھ ضرور وقف کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ روز جزا ہم سے ہمارے اعمال اورعبادات کی پرستش ہوگی۔انہوںنے کہاکہ دنیا اور آخرت میں فلاح اورکامیابی کے لئے ہمیں اللہ تعالیٰ اور ا سکے آخری رسولﷺ کے احکامات کونہ صرف سمجھنا ہوگا بلکہ ان پر ان کی حقیقی روح کے مطابق عمل درآمد بھی کرنا ہوگا۔