پاکستان پوسٹ کا پے آرڈر کے نظام کو ڈیجیٹائز کرنے کیلئے کارنداز پاکستان سے معاہدہ

منگل 25 اکتوبر 2016 18:47

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2016ء) پاکستان پوسٹ اور کارنداز پاکستان نے پے آرڈر کے نظام کو ڈیجیٹائز کرنے کی غرض سے شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کردیئے۔ معاہدے کے تحت کارنداز پاکستان٬ پاکستان پوسٹ کی نئی پراڈکٹ ’’موبائل منی آرڈر‘‘ کے ڈیزائن اور تیاری میں تکنیکی معاونت فراہم کرے گا۔ معاہدے پر پاکستان پوسٹ کے ڈائریکٹر جنرل فاخر سید شہریار الدین اور کارنداز پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر علی سرفراز حسین نے دستخط کئے۔

اس موقع پر سیکریٹری کمیونیکیشن خالد مسعود چودھری اور یو کے ایڈ کے ڈاکٹر لوئس واکر بھی موجود تھے۔ کارنداز پاکستان اپنے تکنیکی علم اور مالی مدد کے ذریعے اس نئی سروس کی انتظامی اور تکنیکی ضروریات کی نشاندہی اور کامیاب کاروباری حکمتِ عملی طے کرنے میں پاکستان پوسٹ کو مدد فراہم کرے گا۔

(جاری ہے)

اس منصوبے کا مقصد پاکستان پوسٹ کی رسائی کی خدمات کو بہتر بنانا اور پاکستان پوسٹ کیلئے آمدنی کے نئے ذرائع پیدا کرنا ہے۔

اس موقع پر پاکستان پوسٹ کے ڈائریکٹر جنرل فاخر سید شہریار الدین نے کہا کہ اس منصوبے سے پاکستان پوسٹ کی خدمات میں بہتری کے ساتھ پاکستان پوسٹ کی خدمات کے دائرہ کار کو 2020ء تک موجودہ 6.5 فی ایک لاکھ افراد سے بڑھا کر 30 افراد تک کردیا جائے گا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے مالیاتی خدمات کا ایک نیا پورٹ فولیو پاکستان پوسٹ کے صارفین کیلئے پیش کیا جائے گا۔

انہوں نے میں ملک میں مالیاتی شمولیت کو بہتر بنانے میں کارنداز کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ برانچ لیس بینکنگ٬ موبائل لین دین اور ای کامرس میں نئے مواقعوں کے پیشِ نظر اپنے اصلاحات پروگرام کے تحت پاکستان پوسٹ کا مقصد دیہی علاقوں کی مالیاتی شمولیت اور ڈاک خانوں کے وسیع نیٹ کے ذریعے موبائل منی آرڈر کی خدمات فراہم کرنا ہے۔

اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کارنداز پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر علی سرفراز حسین نے کہا کہ کارنداز پاکستان دیہی اور پسماندگی علاقوں کی مالی ضروریات کو پورا کرنے کی غرض سے ان کی وسیع تر مالیاتی شمولیت کیلئے مصروفِ عمل ہے۔ پاکستان پوسٹ کے ساتھ اس شراکت داری کے ذریعے ہم بہتر٬ باحفاظت اور سہولت کے ساتھ موبائل منی آرڈر کی یہ خدمات پسماندہ علاقوں تک پہنچانے کیلئے پرامید ہیں۔ تقریب سے اختتامی خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری کمیونیکشن خالد مسعود چودھری نے حکومت کی طرف سے ادائیگی کے بہائو کی ڈیجیٹائزنگ کی اہمیت پر زور دیا اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر ملک کی مالی شمولیت پر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :