ایکسپورٹرز کے رکے ہوئے سیلز ٹیکس وانکم ٹیکس ریفنڈز دلوانے پر بزنس کمیونٹی کا زبیر طفیل کو خراج تحسین

منگل 25 اکتوبر 2016 18:47

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2016ء) بزنس کمیونٹی اور بالخصوص برآمدکنندگان نے سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس ریفنڈز دلوانے کیلئے کی جانے والی کوششوں پر فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (ایف پی سی سی آئی) کی ایف بی آر کمیٹی کے چیئرمین اور یو بی جی کی جانب سے فیڈریشن چیمبر میں صدارتی امیدوار زبیر طفیل کی کوششوں اور کاوشوں کو سراہتے ہوئے وزیر خزانہ کی جانب سے دوسرے مرحلے میں 31 کتوبر تک مزید 30 ارب روپے کی ادائیگی کے اعلان پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔

منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یوناٹیڈ بزنس گروپ کے ترجمان گلزار فیروز٬ سندھ کور کمیٹی کے رکن اور ٹاولز کے ممتاز ایکسپورٹر نقی باڑی نے کہاکہ برآمدی صنعتوں کو ریفنڈز نہ ملنے کی وجہ سے کئی مسائل کا سامنا تھا جبکہ پیداواری لاگت بڑھنے سے برآمدی مصنوعات کی پیداواری لاگت بھی بڑھ رہی تھی تاہم وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار اور زبیرطفیل کی کاوشوں کی بدولت ایکسپورٹرز کے رکے ہوئے سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس ریفنڈز ملنا شروع ہوگئے ہیں جو کہ ملکی ایکسپورٹس کیلئے خوش آئند ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیرخزانہ نے اعلان کردیا ہے کہ 31 اکتوبر 2016ء تک سیلز ٹیکس کی مد میں 30 ارب روپے کی ادائیگیوں کے چیکس ایکسپورٹرز کو جاری کردیئے جائیں گے جبکہ وزیر خزانہ نے زبیر طفیل اور ایف پی سی سی آئی کی قیادت کو یہ بھی یقین دلایا ہے کہ انکم ٹیکس ریفنڈز بھی 31 دسمبر تک ادا کردیئے جائیں گے۔ گلزار فیروز اورنقی باڑی نے کہاکہ زبیرطفیل کی ایکسپورٹرز کیلئے کی جانے والی خدمات کو سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔