الیکشن کمیشن کے تیار کردہ 40 نکاتی ضابطہ اخلاق کے مسودہ پر سیاسی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس (آج) ہو گا

منگل 25 اکتوبر 2016 18:45

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2016ء) الیکشن کمیشن کی جانب سے آئندہ عام انتخابات کیلئے سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کیلئے تیار کردہ 40 نکاتی ضابطہ اخلاق کے مسودہ پر سیاسی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس (آج) بدھ کو ہو گا۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق کمیشن کے تیار کئے گئے ضابطہ اخلاق کے مسودہ کے مطابق سیاسی جماعتیں اور امیدوار ہمہ وقت دستور اور قوانین میں دیئے گئے پاکستانی عوام کے حقوق اور ان کی آزادی کو سربلند رکھیں گے٬ نظریہ پاکستان یا پاکستان کی خود مختاری٬ استحکام اور سلامتی کے خلاف یا پاکستان کی عدلیہ کی آزادی یا خود مختاری٬ عدلیہ اور افواج پاکستان کی شہرت کو نقصان یا تضحیک سے گریز کریں گے۔

الیکشن کمیشن کی ساکھ کو نقصان پہنچانے سے گریز کریں گے٬ الیکشن میں ووٹرز کو رشوت دینے٬ انہیں ڈرانے دھمکانے یا جعلسازی کے ذریعے ووٹ ڈالنے سے اجتناب کریں گے۔

(جاری ہے)

انتخابی مہم کے دوران اشتہارات٬ ہورڈنگ٬ پوسٹر٬ پینا فلیکس بینر٬ جلسے٬ جلوسوں٬ لائوڈ سپیکر کے استعمال اور کار ریلیوں پر مکمل پابندی ہو گی۔ انتخابی شیڈول کے اعلان سے پولنگ تک اعلانیہ یا خفیہ انداز میں کوئی امیدوار یا شخص کسی ترقیاتی منصوبے کا اعلان نہیں کرے گا٬ علاقائی اور فرقہ وارانہ جذبات کی وجہ بننے والی تقاریر سے مکمل اجتناب کی تجویز دی گئی ہے۔

سرکاری املاک یا کسی سرکاری جگہ پر پارٹی پرچم لہرانے کی ممانعت ہو گی٬ انتخابی اخراجات سے متعلق تمام لین دین جی ایس ٹی سے اندراج شدہ تجارتی اداروں کے ساتھ ہی کیا جا سکے گا۔ سیاسی جماعتیں اپنے مرد و خواتین اہل ممبران کی انتخابی عمل میں شمولیت کی خاطر انہیں مساوی مواقع فراہم کرنے کی بھرپور کوشش کریں گی۔ سیاسی جماعتوں اور انتخابی امیدواران کے نجی میڈیا چینلز پر اشتہارات کی تشہیر پر مکمل پابندی ہو گی٬ سیاسی اور انتخابی تقویت یا فروغ کیلئے صرف سرکاری میڈیا کو استعمال کیا جا سکے گا۔

پیمرا اس بات کو یقینی بنائے گا کہ تمام سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو یکساں وقت دیا جائے۔ سیاسی مخالفین پر تنقید صرف ان کی پالیسیوں٬ پروگراموں اور ماضی کے ریکارڈ اور کارکردگی تک محدود رکھی جائے گی۔ اپنے امیدوار کے علاوہ کسی ووٹر کو پولنگ سٹیشن تک لانے کی ممانعت ہو گی٬ الیکشن سے متعلق تمام اخراجات سے متعلق امیدوار نیا مخصوص بینک اکائونٹ کھولنے کے پابند ہوں گے۔

پولنگ کے دن کیلئے سیاسی جماعتوں اور امیدواران سے پرامن اور منظم پولنگ کو یقینی بنانے٬ پولنگ ایجنٹوں کو بیج یا شناختی کارڈ فراہم کرنے کے ذمہ دار ہوں گے۔ انتخابی مہم میں صدر مملکت٬ وزیراعظم سمیت کوئی بھی سرکاری عہدے پر فائز شخص حصہ نہیں لے سکے گا٬ اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی ہو گی٬ اخبارات اور الیکٹرانک میڈیا پر ناجائز دبائو ڈالنے سے کارکنوں کو روکنا ان کی ذمہ داری ہو گی٬ سرکاری ملازمین٬ مقامی حکومت اور خود مختار اداروں کے ملازمین کے اجتماعی تبادلوں اور تعیناتی پر پابندی ہو گی۔

متعلقہ عنوان :